پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل تیسرے روز ہوشربا اضافہ کے خلاف مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام رات گئے یتیم خانہ چوک لاہور پر احتجاج کیا گیا جس میں رکشہ، بس اور موٹر سائیکل ڈرائیوروں نے شرکت کی۔
مظاہرین نے پٹرول کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے حکومت سے قیمتوں میں فوری کمی کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف 3 روز میں پٹرول 21 روپے مہنگا ہونا غریب عوام پر ظلم ہے ۔
یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل، نوٹیفکیشن جاری
احتجاجی شرکا کے مطابق مہنگے پٹرول کے باعث رکشہ ڈرائیوروں کا روزگار شدید متاثر ہورہا ہے جبکہ پہلے ہی مہنگائی تلے دبے عوام کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل ہوگیا ہے۔
رکشہ یونین نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں فوری واپس کم کی جائیں۔
یونین رہنماؤں نے خبردار کیا کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومتی فیصلوں کا بوجھ عام عوام کے بجائے اشرافیہ کو اٹھانا چاہیے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روزحکومت نے پٹرول کی قیمت میں 3 روپے 40 پیسے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 72 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔
اضافے کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 367 روپے 75 پیسے فی لیٹر جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 392 روپے 67 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یہ مسلسل تیسرے روز اضافہ ہے۔ اس سے پہلے پیر اور منگل کو بھی حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کے نرخ بڑھائے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے پر گڈز ٹرانسپورٹرز نے کرائے 5فیصد بڑھا دیئے
منگل کو پٹرول کی قیمت میں 5 روپے 58 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 18 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد پٹرول 364 روپے 35 پیسے اور ڈیزل 385 روپے 95 پیسے فی لیٹر ہوگیا تھا۔
پیر کو پٹرول کی قیمت میں 12 روپے 90 پیسے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل میں 3 روپے 72 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔ اضافے کے بعد پٹرول کی قیمت 358 روپے 77 پیسے اور ڈیزل کی قیمت 381 روپے 77 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔




