امرتسر(کشمیر ڈیجیٹل)بھارتی ریاست پنجاب میں امرتسر کے سری گرو رام داس جی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر رن وے کے قریب مشتبہ ڈرون نمانظر آنے کے بعدہوائی اڈے سے فضائی آپریشنز عارضی طور پر معطل کر دیاگیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایئرپورٹ ڈائریکٹر انیرودھ کمار شرما نے میڈیا کو بتایاہے کہ ایئر ٹریفک کنٹرول کو بھارتی فضائیہ کی جانب سے رات تقریبا 9بج کر 45منٹ پر الرٹ موصول ہواتھا۔
مقررہ حفاظتی طریقہ کار کے تحت جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو فعال کیا گیا اور رات 9 بج کر 50منٹ سے 11بج کر 15منٹ تک ایئر فیلڈ کو بند رکھا گیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بھارت کو جھٹکا:اقوامِ متحدہ کے نئے نقشے میں اروناچل پردیش الگ ریاست قرار
اس دوران فضا میں چکر لگانے والی تقریبا سات پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا، جن میں سے دو پروازوں کو چندی گڑھ اور پانچ کو نئی دہلی ڈائیورٹ کیا گیا۔مزید کسی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع نہ ملنے پر رات 11بج کر 15 منٹ پر ایئرپورٹ آپریشنز بحال کر دیئے گئے۔
ڈائیورٹ کی گئی پانچ پروازیں بعد ازاں امرتسر واپس پہنچ گئیں، جبکہ ایئر انڈیا کی ایک دہلی جانے والی پرواز منسوخ کر دی گئی اور ملائیشیا کی ایک پرواز کو پیر کے لیے دوبارہ شیڈول کیا گیاہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بھارتی کھلاڑی کو اشارہ کرنا مہنگا پڑ گیا، کپتان فاطمہ ثناء پر جرمانہ عائد
اطلاعات کے مطابق مشتبہ اشیا راجالا گائوں کی سمت سے آتی ہوئی دکھائی دیں اور کئی منٹ تک ایئرپورٹ کے حساس حصوں کے اوپر منڈلاتی رہیں۔ واقعے کی تحقیقات کیلئے پولیس نے کارروائی شروع کر دی ہے۔
اس واقعے نے بھارت میں سرحدی سلامتی کے حوالے سے بڑھتی ہوئی تشویش اور حفاظتی اقدامات پر سوالات اٹھائے ہیں۔ ایک بین الاقوامی ہوائی اڈے کو عارضی طور پر بند کرنا اور متعدد پروازوں کا رخ موڑنا اس امر کی عکاسی کرتا ہے کہ فضا میں اڑتی ہوئی کوئی بھی شے بشمول پتنگ اور پرندے بھی شہری ہوابازی میں خلل ڈال سکتی ہیں۔




