ترکیہ کے دفاعی اخراجات میں 229فیصد اضافہ ، اپنی ٹیکنالوجی خود تیار کرنے کا عزم

ترکیہ نے نئے درمیانی مدت کے معاشی منصوبے کے تحت دفاعی اخراجات میں 229 فیصد اضافہ کر دیا ہے۔

ترک میڈیا کے مطابق نائب صدر جودت یلماز نے2027 سے 2029 تک تین سال کے لیے ملک کا معاشی منصوبہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ دفاعی صنعت میں ہمارا مقصد ایسا ترکیے بنانا ہے جو اپنی ٹیکنالوجی خود تیار کرے اور پیداوار میں اضافہ کرے، ہم دفاعی اخراجات میں 229 فیصد اضافہ کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ترکیہ، پاکستان اور سعودی عرب کا دفاعی تعاون مضبوط بنانے ، مشترکہ سیکریٹریٹ قائم کرنے پر اتفاق

ترک نائب صدر کا کہنا تھا کہ مہنگائی میں کمی کا رجحان شروع ہو چکا ہے، مہنگائی کے خلاف جنگ میں حکومت نے نمایاں پیشرفت کی ہے۔

جودت یلماز نے کہاکہ عالمی خطرات ترک معیشت کو متاثرکر رہے ہیں، عالمی معیشت حالیہ عرصے میں ایک ایسے نئے دور میں داخل ہوگئی ہے جہاں معاشی، تکنیکی اور جغرافیائی سیاسی تبدیلیاں ایک دوسرے سے جڑگئی ہیں۔

خیال رہےکہ حال ہی میں ترک بحریہ نے اعلان کیا ہےکہ ترکیہ کا پہلا طیارہ بردار بحری جہاز (MUGEM) 27 ستمبر 2027کو سمندر میں اتارا جائےگا۔

ترک بحریہ کے کمانڈر ایڈمرل ارجومن اوغلو کے مطابق جہاز کی تعمیرکا کام اچھی رفتار سے جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں:مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت؛ وزیراعظم شہباز شریف کا پرجوش خیرمقدم

یہ ایسا طیارہ بردار جہاز ہوگا جو ایک ہی وقت میں بغیر پائلٹ کے طیارے اڑا سکے گا اور اپنے اندر سے بغیر پائلٹ کی بحری اور زیر آب گاڑیاں بھی تعینات کر سکےگا۔ اس طرح ہم دنیا کا پہلا ملک بن جائیں گے جو اس نوعیت کا طیارہ بردار بحری جہاز چلائے گا۔