یوم دفاع

یوم دفاع پاکستان آج ملی جوش و جذبے کیساتھ منایا جائے گا

راولپنڈی: پاکستان کا یومِ دفاع و شہداء آج ملک بھر میں قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، اس موقع پر شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا اور ملکی دفاع کیلئے ان کی قربانیوں کو یاد کیا جائے گا۔

6 ستمبر 1965ء کی جنگ میں وطن کے دفاع کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء اور بہادری کا مظاہرہ کرنے والے غازیوں کو قوم بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کرے گی۔

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے تمام صوبوں میں یومِ دفاع کی مناسبت سے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔

یومِ دفاع کے موقع پر دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی سے ہوگا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:یوم دفاع و شہداء: پاک فوج کے جوانوں کا ملکی سلامتی و بقاءکیلئے ہر قربانی دینے کا عہد

نماز فجر کے بعد ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی جائیں گی۔

مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوگی جبکہ ملک بھر میں شہداء کی یادگاروں پر حاضری اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تقریبات ہوں گی۔

یومِ دفاع قومی اتحاد، جذبہ حب الوطنی، حوصلے اور استقامت کی تجدید کا دن بھی ہے۔ اس موقع پر قوم اس عزم کا اعادہ کرے گی کہ ملک کی سلامتی، خودمختاری اور دفاع کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ شہداء کی قربانیوں کو قومی تاریخ کا روشن اور لازوال باب قرار دیا جاتا ہے۔

یومِ دفاع کے موقع پر مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نشانِ حیدر حاصل کرنے والے شہداء کو بھی سلامی پیش کریں گے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:یوم دفاع پاکستان، پاسبان وطن کے زیراہتمام ریلی، سیمینار، طلباء ،سول سوسائٹی کی بھرپور شرکت

ان میں کیپٹن راجہ محمد سرور شہید، میجر محمد طفیل شہید، میجر عزیز بھٹی شہید، میجر محمد اکرم شہید، سوار محمد حسین شہید، میجر شبیر شریف شہید، لانس نائیک محمد محفوظ شہید، پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید، کیپٹن کرنل شیر خان شہید اور حوالدار لالک جان شہید شامل ہیں۔ ہلالِ کشمیر سے نوازے گئے نائیک سیف علی جنجوعہ شہید کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔