آزاد کشمیر میں عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے جاری ہڑتالوں اور دھرنوں پر شہریوں کا صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا ہے اور انہوں نے حکومت سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔ کشمیر ڈیجیٹل کی خصوصی رپورٹ کے مطابق آزاد کشمیر کے عام شہریوں نے وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار علی گیلانی سے زوردار اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب بس کی جائے اور عوامی ایکشن کمیٹی سے شہریوں کی جان چھڑوا کر اس مسئلے اور گند کو ہمیشہ کے لیے ختم کیا جائے۔
شہریوں نے اپنے شدید تحفظات اور جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پچھلے ساڑھے چار مہینے سے جاری دھرنوں اور ہڑتالوں کے باعث عام بالخصوص غریب لوگوں کا انتہائی شدید مالی اور معاشی نقصان ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ کچھ کوشش کرے، فہم و تفہیم اور ماننے منانے کے ذریعے معاملے کو حل کرے تاکہ عوامی مسائل کا خاتمہ ہو سکے۔
یہ بھی پڑھیں: پرامن حالات مزید خراب نہ کئے جائیں،ایکشن کمیٹی احتجاج ختم کرے، طلباء کی اپیل
غریب عوام اور کاروباری طبقے کے مسائل:
کشمیر ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے ایک شہری کا کہنا تھا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات اگر چھوٹے موٹے ہیں تو حکومت ان کو فوری طور پر پورا کرے تاکہ یہ دھرنا اور ہڑتال کا سلسہ ختم ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے ختم ہونے سے عوام کو سہولت اور سکون میسر آئے گا اور لوگ اپنی روزمرہ کی زندگی اور روزگار کے کام آسانی سے کر سکیں گے، نیز اپنے کاروبار کی طرف مکمل توجہ دے سکیں گے۔
ایک اور متاثرہ شہری نے بسم اللہ الرحمن الرحیم سے گفتگو کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے ساڑھے چار مہینے سے عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے جو دھرنے اور ہڑتالیں کی گئی ہیں، ان کے پیشِ نظر میں وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی صاحب سے اپیل کرتا ہوں کہ خدارا فہم و تفہیم کے ساتھ اس مسئلے کو حل کریں اور اس سے عوام کی جان چھڑائیں۔
جانی نقصان پر تشویش اور امن کا پیغام:
شہری نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں کو بتایا جائے کہ ایسا نہ کریں جس کی وجہ سے عام عوام کے بچوں کی قیمتی جانیں ضائع ہوتی ہوں۔ اس سلسلے میں حکومت کو چاہیے کہ مذاکرات یا کسی بھی دیگر مؤثر ذریعے سے انہیں روڈ سے ہٹائے اور ریاست کی عوام کو سکون سے جینے کا حق دے جیسا کہ جینے کا حق ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ایسے اقدامات کرے تاکہ دنیا کے سامنے ریاست آزاد کشمیر کے لوگوں کا یہ مثبت تاثر جائے کہ یہاں کے لوگ بھی مکمل امن سے رہنا چاہتے ہیں اور امن قائم رکھنا چاہتے ہیں۔
مسافروں اور اساتذہ کی فیلڈ سے متعلق اپیل:
وزیراعظم کو براہِ راست اپیل کرتے ہوئے شہری کا کہنا تھا کہ جتھوں کی صورت میں قائم اس ایکشن کمیٹی اور اس کے دھرنوں کو ختم کروایا جائے تاکہ جو مسافر اور روزگار سے وابستہ لوگ ہیں، وہ اپنے کاروبار کو اچھے طریقے سے چلا سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایکشن کمیٹی کے اس سارے رولے اور کھچڑی کی وجہ سے لوگ کھل کر اپنا کاروبار نہیں کر پا رہے ہیں۔
شہری نے وزیراعظم افتخار گیلانی سے خدا کا واسطہ دے کر اپیل کی کہ ایکشن کمیٹی کا یہ معاملہ اور اساتذہ کی فیلڈ سے متعلق جتنے بھی مسائل یا کام ہیں، یہ سب ختم ہونے چاہئیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ راستے بند کرنا اور کسی مسلمان بھائی کو تکلیف پہنچانا بالکل بھی اچھی بات نہیں ہے۔




