پاور ڈویژن نے بجلی صارفین کو غیر ضروری مشکلات اور اضافی مالی بوجھ سے بچانے کیلئے ڈیٹیکشن بلنگ کے موجودہ نظام میں بنیادی اصلاحات کا فیصلہ کرلیا۔ نئے نظام کے تحت بجلی کے استعمال کے تخمینے اور بلنگ کے عمل کو زیادہ شفاف اور خودکار بنایا جائے گا۔
ماضی میں تخمینہ شدہ بلنگ
ماضی میں میٹر کی خرابی، تکنیکی نقص یا بجلی کی کھپت کا درست ریکارڈ دستیاب نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ قواعد کے تحت صارف کی متوقع بجلی کھپت کا تخمینہ لگایا جاتا تھا، جس کی بنیاد پر ڈیٹیکشن بل جاری کیا جاتا رہا ہے۔
صارفین کو اضافی بلنگ کا سامنا
بعض معاملات میں بجلی کی تخمینہ شدہ کھپت حقیقی استعمال سے مطابقت نہ رکھنے کے باعث صارفین کو اضافی بلنگ کا سامنا کرنا پڑا۔ غلط یا زائد بلنگ کی درستگی کیلئے متاثرہ صارفین کو طویل شکایتی عمل سے بھی گزرنا پڑتا تھا۔
انسانی مداخلت پر خدشات
پاور ڈویژن کے مطابق ڈیٹیکشن بلنگ کے موجودہ طریقہ کار میں انسانی مداخلت کی گنجائش کے باعث شفافیت، صوابدیدی اختیارات کے استعمال اور ممکنہ بے ضابطگیوں سے متعلق خدشات موجود رہے ہیں۔
نظام کو ڈیجیٹل بنانے کا فیصلہ
ان مسائل کا نوٹس لیتے ہوئے پاور ڈویژن نے ڈیٹیکشن بلنگ کے نظام کو ڈیجیٹل اور خودکار بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکام کے مطابق نئے نظام کا بنیادی مقصد انسانی مداخلت اور غیر ضروری صوابدیدی اختیارات کو کم سے کم کرنا ہے۔
ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو ہدایات
اس سلسلے میں تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو ضروری اقدامات کیلئے ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ پاور ڈویژن نے نیپرا کے کنزیومر سروس مینول میں بھی ضروری ترامیم کیلئے متعلقہ اداروں کو اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ماہانہ بنیادوں پر نگرانی
نئے نظام کے تحت ڈیٹیکشن بلنگ اور اس سے متعلق ریکوری کے عمل کی ماہانہ بنیادوں پر نگرانی کی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد بجلی کے بلوں میں اوور بلنگ اور غیر معمولی رجحانات کی بروقت نشاندہی کرنا ہے۔
غیر معمولی بلنگ کی نشاندہی
حکام کے مطابق ڈیٹیکشن بلنگ کے اعداد و شمار کا باقاعدگی سے جائزہ لینے سے ایسے معاملات کی نشاندہی میں مدد ملے گی جہاں معمول سے ہٹ کر بلنگ یا ریکوری کا رجحان سامنے آئے۔ ایسے معاملات میں ضروری کارروائی بھی یقینی بنائی جائے گی۔
صارفین کی شکایات میں کمی کی توقع
پاور ڈویژن کو توقع ہے کہ نئے خودکار نظام کے نفاذ سے ڈیٹیکشن بلنگ کے حوالے سے صارفین کی شکایات میں کمی آئے گی۔ اس کے ساتھ بجلی کے استعمال کے تخمینے، بلنگ اور ریکوری کے عمل میں شفافیت بھی بہتر ہوگی۔
اویس لغاری کا اصلاحات پر زور
وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری نے کہا ہے کہ پاور سیکٹر میں جاری اصلاحات کا بنیادی مقصد صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ڈسکوز میں بڑا فیصلہ ، حکومت نے تنظیم نو کی منظوری دے دی
انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کے شعبے میں اصلاحات کے ذریعے نظام میں شفافیت لانے کے ساتھ صارفین کو غیر ضروری مشکلات اور اضافی مالی بوجھ سے تحفظ فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔




