پنجاب کے ضلع سرگودھا کے نواحی علاقے کوٹ مومن میں تیسری شادی کے بعد پیدا ہو نیوالےمبینہ گھریلو تنازع نے ایک خاندان کو شدید سانحے سے دوچار کردیا جہاں ایک شخص کو اس کی دوسری اہلیہ نے مبینہ طور پر قتل کردیا جبکہ واقعے کے بعد خاتون نے بھی اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
پولیس کے مطابق کوٹ مومن کے ایک گھر سے میاں بیوی کی لاشیں برآمد ہوئیں، جس پر پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور ابتدائی شواہد اکٹھے کیے۔
واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد علاقے میں تشویش پھیل گئی جبکہ پولیس نے معاملے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) کے ترجمان کے مطابق ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مقتول شخص نے واقعے سے تقریباً ایک ہفتہ قبل تیسری شادی کی تھی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سوشل میڈیا پر دوستی محبت میں تبدیل، امریکی خاتون نے پاکستانی نوجوان سے نکاح کرلیا
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تیسری شادی کے بعد گھریلو حالات کشیدہ ہوئے، تاہم واقعے کے اصل محرکات جاننے کیلئے مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس کے ابتدائی بیان کے مطابق مقتول کی دوسری اہلیہ نے مبینہ طور پر اس وقت شوہر پر حملہ کیا جب وہ سو رہا تھا۔ خاتون نے چارپائی کے پائے سے شوہر کے سر پر وار کیا، جس سے وہ شدید زخمی ہوا اور وجانبر نہ ہوسکا۔
پولیس ترجمان کے مطابق مقتول نے اپنی پہلی اہلیہ کو طلاق دینے کے بعد دوسری شادی کی تھی جبکہ تقریباً ایک ہفتہ قبل اس نے تیسری شادی بھی کرلی تھی۔
واقعے کے بعد دوسری اہلیہ نے بھی مبینہ طور پر خودکشی کرلی۔ پولیس نے دونوں لاشوں کو تحویل میں لے کر ضروری کارروائی شروع کردی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مسلم مرد اہلِ کتاب خاتون کیساتھ نکاح کر سکتا ہے: وفاقی آئینی عدالت کا فیصلہ
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور شواہد کی روشنی میں اس افسوسناک واقعے کے محرکات اور دیگر حقائق کا تعین کیا جائے گا۔




