اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)اسلام آباد میں قائم اطالوی سفارتخانے نے ویزا درخواستوں کے ساتھ جعلی اور مشکوک تعلیمی اسناد جمع کروانے کے واقعات میں غیر معمولی اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی طلبہ کیلئے سخت وارننگ جاری کر دی۔
سفارتخانے کے مطابق، دھوکہ دہی پر مبنی اس عمل کے نتیجے میں نہ صرف ویزا درخواست فوری طور پر مسترد کی جائے گی بلکہ مستقبل میں اٹلی کے ویزے کے حصول پر بھی مستقل پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
سفارتخانے کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ‘ایکس’ اور آفیشل پورٹل پر جاری کردہ انتباہی مراسلے کا بنیادی مقصد ویزا کے عمل کو شفاف بنانا اور جعلی ایجنٹوں کے نیٹ ورک کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔
مختلف کیٹیگریز کیلئے اہم ہدایات:
اسٹڈی ویزا کے لیے مخصوص طریقہ کار: اٹلی کی یونیورسٹیوں میں زیرِ تعلیم ہونے کے خواہشمند طلبہ کے لیے لازمی ہے کہ وہ سب سے پہلے Universitaly پورٹل کے ذریعے اپنی پری انرولمنٹ مکمل کریں۔
تصدیق کے بعد ‘بی ایل ایس’ (BLS) کا ادارہ خود طلبہ سے اپائنٹمنٹ کے لیے رابطہ کرے گا۔ طلبہ کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ خود سے ویزا اپائنٹمنٹ بک کرنے کی کوشش نہ کریں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:شعیب ملک کا چوتھی شادی کی افواہوں پر ردعمل: خبریں من گھڑت قرار
شینگن، فیملی ری یونین اور ورک ویزا
مختصر مدت کے ویزوں کی درخواستیں اسلام آباد، لاہور، ملتان اور فیصل آباد میں موجود ‘بی ایل ایس’ سینٹرز کے ذریعے جمع ہوں گی۔
ان کی اپائنٹمنٹ آفیشل ویب سائٹ (www.theitalyvisa.com)سے بک کی جا سکتی ہے۔ سفارتخانے نے وضاحت کی ہے کہ رش کے باعث ورک اور فیملی ویزا کی ویٹنگ لسٹ موجود ہے، تاہم تمام درخواست دہندگان کو بالآخر اپائنٹمنٹ فراہم کی جائے گی۔
یورپی یونین شہریوں کے اہل خانہ: اطالوی یا یورپی یونین کے شہریوں کے ساتھ فیملی ری یونین کے خواہش مند افراد براہِ راست سفارتخانے سے رابطہ کر سکتے ہیں اور انہیں سفارتخانے کے آفیشل ایڈریس پر PEC (ای میل) ارسال کرنا ہوگی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:نیویارک : طلباء کے اے آئی استعمال پر ایک سال کیلئے پابندی عائد
ایجنٹ مافیا اور اپائنٹمنٹس کی فروخت پر انتباہ
سفارتخانے نے ویزا اپائنٹمنٹس کی بلیک مارکیٹنگ پر سخت موقف اپنائے ہوئے کہا ہے کہ کچھ غیر قانونی ایجنٹ پیسوں کے بدلے اپائنٹمنٹس فروخت کر رہے ہیں، جو کہ مکمل طور پر غیر قانونی ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ویزا اپائنٹمنٹ کبھی بھی خریدی نہ جائے اور اگر کوئی ایجنٹ پیسوں کے عوض اپائنٹمنٹ کی پیشکش کرے تو اس کی شکایت فوری طور پر سفارتخانے میں درج کروائی جائے۔




