7 زبانوں پر عبور رکھنے والے سجاد حیدر نے ترجمان دفتر خارجہ کا چارج سنبھال لیا

Pakistan SCO Summit 2026

گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے سجاد حیدر خان نے باضابطہ طور پر ترجمان دفتر خارجہ کا چارج سنبھال لیا ہے، جہاں وہ طاہر حسین اندرابی کی جگہ یہ ذمہ داری انجام دیں گے۔

نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد سابق ترجمان نے اپنی آخری نیوز بریفنگ کے دوران ان کا تعارف کروایا اور عہدہ نئے ترجمان کے سپرد کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں:افغانستان سے مذاکرات کو تیار، ایران کیخلاف یکطرفہ پابندیوں پر عمل کے پابند نہیں، ترجمان دفتر خارجہ

سجاد حیدر خان اس وقت ڈائریکٹر جنرل ساؤتھ ایشیا اور ترجمان دفتر خارجہ کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

سجاد حیدر خان نے پنجاب یونیورسٹی لاہور سے پولیٹیکل سائنس میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔

اپنے سفارتی کیریئر کے دوران وہ دمشق، بڈاپسٹ، برلن اور جکارتہ میں پاکستانی مشنز میں خدمات انجام دے چکے ہیں جبکہ وہ 2020 سے 2025 تک بیلاروس میں پاکستان کے سفیر بھی رہ چکے ہیں۔

سجاد حیدر خان کو متعدد زبانوں پر مہارت حاصل ہے وہ اردو، انگریزی، عربی اور بلتی بول سکتے ہیں جبکہ جرمن، انڈونیشین اور روسی زبانوں میں بھی خاصی مہارت رکھتے ہیں۔

سابق ترجمان طاہر حسین اندراپی نے اپنی آخری پریس بریفنگ کے دوران سجاد حیدر خان کو باضابطہ طور پر میڈیا سے متعارف کروایا۔

انہوں نے بتایا کہ وہ خود اب جنیوا میں اقوامِ متحدہ کے لیے پاکستان کے مستقل مندوب کے طور پر اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

طاہر اندراپی نے سجاد حیدر خان کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ ترجمان کے دفتر کی قیادت بہترین انداز میں کریں گے۔

پاکستان کے دفتر خارجہ میں اعلیٰ سطح کی سفارتی تبدیلیاں اور تبادلے ایک باقاعدہ اور پیشہ ورانہ عمل کا حصہ ہوتے ہیں، جس کا مقصد عالمی سطح پر پاکستان کی خارجہ پالیسی کے مؤثر نفاذ اور میڈیا کے ساتھ رابطوں کو مستحکم بنانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:امریکا ،ایران ثالثی،دفتر خارجہ کی سوشل میڈیا پر زیرگردش جھوٹی خبروں کی سختی سے تردید

ترجمان کا عہدہ عالمی منظر نامے پر ملکی مؤقف کی وضاحت کے لیے انتہائی حساس اور اہم تصور کیا جاتا ہے۔

تجربہ کار سفارت کاروں کو اس اہم منصب پر فائز کر کے پاکستان دنیا کے سامنے اپنا موقف زیادہ واضح اور مؤثر انداز میں پیش کرنے کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔

Pakistan SCO Summit 2026