مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر افتخار گیلانی کی زیر صدارت سیکرٹریز حکومت کا اجلاس وزیر اعظم سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا ۔
اجلاس میں چیف سیکرٹری آزاد کشمیر خوشحال خان ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل ظہیر الدین قریشی، سینیر ممبر بورڈ آف ریونیو سردار محمد ظفر، پرنسپل سیکرٹری سردار عدنان خورشید سمیت محکمہ جات کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سردار عتیق ،فاروق حیدر ملاقات، ریاستی خودمختاری پر کمپرومائز نہ کرنے پراتفاق
اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر افتخار گیلانی نے کہا کہ ہماری حکومت کی اولین ترجیح سسٹم میں اصلاحات لا کر عام آدمی کیلئے آسانیاں اور نئے مواقع پیدا کرنے ہیں۔
درپیش چینلجز کو بیوروکریسی کے تعاون سے حل کرینگے۔ ہماری کارکردگی گراونڈ پر نظر آئے گی۔ بیوروکریسی کے کندھوں پر اہم زمہ داریاں ہیں۔ ٹیم ورک کے ساتھ ملکر کام کریں گے۔ وزیراعظم افتخار گیلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم لوگوں کیلئے کام کرنے آئے ہیں ۔
نوجوانوں کیلئے یوتھ انگیجمنٹ پروگرام لائیں گے ۔ ریاست میں بے روزگاری ایک بڑا چیلنج ہے ۔سوشل سیکٹر کے اندر ڈیمانڈ بیس سکل ڈویلپمنٹ پروگرام شروع کریں گے ۔انھوں نے کہا کہ عام آدمی کوسفری سہولیات، صحت کی سہولیات میں ریلیف دیں گے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:این ڈی یو تعلیمی ادارہ،افغان سفیر کو بطور مہمان مدعو کرنے کا پاکستانی خارجہ پالیسی سے کوئی تعلق نہیں، ماہرین
وزیراعظم نے بیوروکریسی کو ہدایت کی کہ وہ 100 روزہ اصلاحاتی ایجنڈے پر عملدرآمد شروع کردیں ۔انھوں نے کہا کہ ہماری حکومت کا ایجنڈا عام آدمی کا ایجنڈا ہے، عام آدمی کی مشکلات کم کرنے کیلیے حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے گی۔
آزاد کشمیر کی عوام کو دکھانا چاہتے ہیں کہ ہم ان کی بہتری کیلئے آئے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ 100 روزہ اصلاحاتی ایجنڈے سے ہماری جماعت کی مرکزی قیادت کی کشمیر سے سنجیدگی کا اندازہ ہوتا ہے۔




