اسلام آباد: وزیراعظم میاں شہباز شریف نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں جاری اصلاحات کی رفتار مزید تیز کرنے اور بدعنوان عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدعنوانی اور ناقص کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھنے والے افسران اور ملازمین کیلئے ادارے میں کوئی جگہ نہیں ہوگی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایف بی آر کے امور سے متعلق ہفتہ وار جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ادارے میں جاری اصلاحات، ٹیکس وصولیوں کے نظام اور انتظامی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی آخری تاریخ میں پھر توسیع
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ ایف بی آر میں جاری اصلاحات کے ابتدائی نتائج حوصلہ افزا ہیں، تاہم ٹیکس گیپ پر قابو پانے کے لیے ادارے کی استعداد کار میں مسلسل بہتری لانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ اصلاحات کو مؤثر اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، افسران کی مؤثر تربیت، شفافیت اور جوابدہی پر خصوصی توجہ دی جائے، جبکہ ٹیکس وصولی کے شعبوں میں فیس لیس نظام کے نفاذ کا عمل بھی تیز کیا جائے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کے افسران کی ذمہ داری ہے کہ وہ قوم کی توقعات کے مطابق اپنی کارکردگی بہتر بنائیں۔ ادارے میں جاری اصلاحات ریاست کے وسیع تر مفاد میں ہیں اور ان پر عمل درآمد ہر صورت جاری رکھا جائے گا۔
شہباز شریف نے واضح کیاکہ اپنے رویے اور کارکردگی میں بہتری لانے والے افسران اور عملے کو اصلاح کا موقع دیا جائے، تاہم بدعنوانی اور ناقص کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھنے والوں کے لیے ادارے میں کوئی گنجائش نہیں ہوگی۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم کو ایف بی آر میں جاری اصلاحات کی تازہ ترین پیش رفت اور اب تک حاصل ہونے والے نتائج سے آگاہ کیا گیا۔ حکام نے ٹیکنالوجی، نظام کار اور افرادی قوت کے شعبوں میں متعارف کرائی گئی تبدیلیوں پر بھی تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ 3 سال کے دوران اصلاحات کے نتیجے میں ٹیکس گیپ کا تخمینہ مجموعی قومی پیداوار کے 6 فیصد سے کم ہو کر 5 فیصد رہ گیا ہے۔
حکام کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے ایف بی آر افسران کے صوابدیدی اختیارات میں نمایاں کمی آئی ہے، جس سے ادارے کے نظام کار کو مزید شفاف بنانے میں مدد ملی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ایف بی آر نے ٹیکس نظام کاطریقہ کیوں بدلا؟اصل وجہ سامنے آگئی
اجلاس کو بتایا گیا کہ ایف بی آر میں نئے تعینات ہونے والے افسران کو لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز) میں تربیت فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ پہلے سے خدمات انجام دینے والے افسران کے لیے دوران ملازمت تربیتی پروگرام بھی جاری ہیں۔
حکام کے مطابق افسران کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے پیئر ریٹنگ سسٹم نافذ کر دیا گیا ہے، جس کے تحت ان کی پیشہ ورانہ کارکردگی جانچی جا رہی ہے۔




