نیلم پارک بچائو تحریک ،کور کمیٹی کو بڑی حمایت مل گئی، راجہ فاروق حیدر بھی ساتھ کھڑے ہوگئے

مظفر آباد:نیلم پارک بچائو تحریک کی کور کمیٹی سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی،سابق وزیراعظم نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرادی۔

تفصیلات کے مطابق نیلم پارک میں سستا رمضان بازار لگانے پر شروع ہونے والی نیلم پارک بچائو تحریک کی کور کمیٹی کے رہنمائوں نے راجہ فاروق حیدرخان سے گزشتہ روز اہم ملاقات کی۔

کور کمیٹی ممبران سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ میں اہلیان مظفر آباد کو یقین دلاتا ہوں کے نیلم پارک کیلئے مختص 100کنال اور 11 مرلے اراضی کی ایک ایک انچ کی حفاظت کرونگا۔

یہ بھی پڑھیں؛مظفر آباد، نیلم پارک میں قائم سستے بازار کا تنازع ختم،ٹھیکیدار بازار اکھاڑنے پر مشروط راضی

سابق وزیراعظم نے کہا کہ حکومت سے فوری پارک کی تعمیر کیلئےبات کرونگا، اہلیان مظفر آباد کو خدشہ نہیں ہونا چاہئے گزشتہ دنوں جو معاملہ ہوا اس پر میں نے ان لوگوں کو( سستا رمضان بازار ٹھیکیداروں) بلایا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ مظفر آباد کےشہریوں کی جگہ ہے، کسی کو قبضہ کرنے کا حق نہیں ہے۔ نوجوانوں اور بچوں کے کمروں میں رہ رہ کر ان کے دماغ بھی کام نہیں کرتے، انہیں کھلی فضا اور تفریح کے مواقع میسر ہونے چاہیے۔

راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ زاہدامین نے بھی اس معاملے میں کردار ادا کیا ، میں 100 فیصد عوام کیساتھ کھڑا ہوں۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں نیلم پارک کی اراضی میں سستا رمضان بازار کے نام عارضی دکانیں قائم کی گئی تھیں جس پر شہریوں نے احتجاج کیا تو بلدیہ نے بازار 30رمضان کو ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔

بلدیہ کے نوٹیفکیشن اور عوامی تنقید پر ٹھیکیداروں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہر سے تمام قبضے ختم کرنے کا مطالبہ کیا تھا اور کہا تھاکہ ہم پارک خالی نہیں کرینگے۔

یہ بھی یاد رہے کہ ٹھیکیداروں کا تعلق حلقہ کھاوڑہ سے ہے اور وہ راجپوت برادری سے تعلق رکھتے ہیں، راجہ فاروق حیدر کی تحریک کو حمایت ملنے کے بعد معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہونے کی امید ہے۔

Scroll to Top