جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے بعد نالہ لئی میں طغیانی کی صورتحال پیدا ہوگئی جس کے باعث انتظامیہ نے نشیبی علاقوں کے مکینوں کو فوری انخلا کی ہدایت کردی جبکہ تعلیمی اداروں میں آج منگل کی تعطیل کا اعلان کردیا گیا ہے
کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح 20فٹ تک پہنچ گئی اور پری الرٹ لیول عبور کرگئی جبکہ گوالمنڈی کے مقام پر پانی کی سطح 18 فٹ ریکارڈ کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں شدید بارش: ملک میں مون سون کے آخری سلسلے کا آغاز
اسلام آباد اور راولپنڈی میں شدید بارش کے باعث نیو کٹاریاں میں 101، گولڑہ 90 اور شمس آباد میں196 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
انتظامیہ کے مطابق اسلام آباد سے بڑا سیلابی ریلا راولپنڈی کی جانب بڑھ رہا ہے جبکہ نالہ لئی کے کیچمنٹ ایریاز میں مسلسل بارش کے باعث پانی کی سطح مزید تیزی سے بلند ہونے کا خدشہ ہے۔
راولپنڈی میں کئی مقامات پر پانی گھروں میں داخل ہوگیا ، راجہ بازار بھی مکمل ڈوب گیا، انتظامیہ نے رین ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔
انتظامیہ نے نالہ لئی کے اطراف نشیبی آبادیوں کے مکینوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کردیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے تمام تعلیمی اداروں میں آج کی تعطیل کا اعلان کردیا ہے جبکہ شہریوں کو حفاظتی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسلام آباد کے سیکٹر جی سیون فورم بلیو ایریام آئی ٹین اور آئی نائن سمیت مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی۔
دوسری طرف محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے نے جڑواں شہروں سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے
یہ بھی پڑھیں: ملک میں شدید بارشوں اور آندھی کی پیشگوئی، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا
این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری انتظامات مکمل رکھے جائیں اور ممکنہ خطرات والے علاقوں میں نگرانی کا عمل مؤثر بنایا جائے۔
متعلقہ محکموں کو ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری کارروائی کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ شہریوں کو زیادہ مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔




