پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دورہ انگلینڈ میں مسلسل ناقص بیٹنگ اور بدترین کارکردگی کے بعد تیسرے ٹیسٹ میچ کے لیے قومی اسکواڈ میں بڑی تبدیلیوں کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور بالنگ کوچ عمر گل کے علاوہ 7 کھلاڑیوں کو بھی اسکواڈ سے ریلیز کر دیا گیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق لارڈز ٹیسٹ کے بعد وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان، اوپنر امام الحق، آل راؤنڈر سلمان علی آغا، اسپنر علی عثمان، فاسٹ باؤلر عامر جمال، محمد اویس ظفر اور خرم شہزاد کو ٹیسٹ اسکواڈ سے ڈراپ کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:لارڈز میں پاکستان کی شکست: ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد کا مستقبل خطرے میں
ڈراپ کیے گئے کھلاڑیوں کی جگہ اسکواڈ میں 7 نئے کھلاڑی شامل کیے گئے ہیں۔ ان میں بیٹر صائم ایوب اور عبداللہ فضل شامل ہیں۔
پی سی بی نے اسکواڈ میں 5 نئے کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا ہے جو انگلینڈ کے خلاف آخری ٹیسٹ میں ڈیبیو کریں گے۔
ان میں لیفٹ آرم اسپن آل راؤنڈر عرفات منہاس ، لیفٹ آرم فاسٹ بالر عمران جونیئر، وکٹ کیپر بیٹر سعد بیگ، رائٹ آرم پیس آل راؤنڈرز محمد عمران اور رضا اللہ شامل ہیں۔
یہ تمام کھلاڑی تیسرے ٹیسٹ سے قبل انگلینڈ میں قومی اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔
سابق کپتان و ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور سابق فاسٹ باؤلر اور ٹیسٹ ٹیم کے بالنگ کوچ عمر گل کو بھی ذمہ داریوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔
ان کی جگہ غیر ملکی کوچز مائیک ہیسن اور ایشلے نوفکے کو ٹیسٹ ٹیم کی اضافی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی، محمد یوسف کوچز پر برہم، کھیل کیلئے زہر قرار دے دیا
اس سے قبل ذرائع نے بتایا تھا پی سی بی نے امام الحق کی انجری سے متعلق بھی تحقیقات شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق لارڈز ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں امام الحق بیٹنگ کے لیے میدان میں نہیں اترے، تاہم انہیں گراؤنڈ میں پریکٹس کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
اس صورتِ حال کے بعد امام الحق کی انجری سے متعلق سوالات اٹھنے لگے ہیں، جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے معاملے کی تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق انگلیںڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کے لیے بابر اعظم کپتانی کے منصب پر برقرار رہیں گے۔
پی سی بی کی جانب سے تبدیلیوں کے بعد قومی اسکواڈ عبداللہ فضل، عبداللہ شفیق، عرفات منہاس، اذان اویس، محمد عباس، محمد علی، محمد عمران، عمران جونیئر، غازی غوری (وکٹ کیپر)، رضا اللہ، سعد بیگ (وکٹ کیپر)، صائم ایوب، ساجد خان، سعود شکیل، شان مسعود اور عبید شاہ شامل ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق نئے کھلاڑیوں کی شمولیت کا مقصد قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن کو مضبوط بنانا اور آخری ٹیسٹ میں بہتر کارکردگی کا موقع پیدا کرنا ہے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آخری میچ 9 ستمبر سے شروع ہوگا، جس کے لیے قومی ٹیم میں مزید تبدیلیوں کا بھی امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:لارڈز ٹیسٹ: انگلینڈ نے پاکستان کو 194 رنز سے شکست دے کر سیریز جیت لی
تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں انگلش ٹیم کو 0-2 کی برتری حاصل ہے۔
لارڈز میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں گزشتہ روز پاکستان کو انگلینڈ کے ہاتھوں 194 رنز کے بڑے مارجن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جب کہ لیڈز میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں بھی انگلینڈ نے پاکستان کو ایک اننگ اور 103 رنز سے شکست دی تھی۔




