مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)جامعہ آزاد جموں و کشمیر کے نیلم کیمپس میں تمام تدریسی سرگرمیوں کا باقاعدہ دوبارہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
مقررہ کورس ورک کی بروقت تکمیل اور طلبہ کے تعلیمی نقصان کے ازالے کیلئےکیمپس انتظامیہ نے چھ روزہ ہفتہ وار کلاسز پر مشتمل فاسٹ ٹریک تدریسی حکمتِ عملی نافذ کر دی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سندھ طاس معاہدہ برقرار، پاکستان کا عالمی ثالثی عدالت کے فیصلے کا خیرمقدم
کیمپس انتظامیہ کے مطابق تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ادارے کے بنیادی ڈھانچے اور سیکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کیلئے چار دیواری کی تعمیر کا منصوبہ بھی جلد شروع کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی جانب سے متوقع این او سی ٹیم کے دورے کے پیش نظر تمام قانونی، انتظامی اور دیگر مطلوبہ دستاویزات و تقاضے مکمل کر کے پیشگی ارسال کر دیئے گئے ۔
ایچ ای سی کی معائنہ ٹیم کا دورہ آئندہ چند ہفتوں میں متوقع ہے۔انتظامیہ کے مطابق نئے داخلوں کا عمل ایچ ای سی کی حتمی معائنہ ٹیم کے دورے کے باعث عارضی طور پر روک دیا گیا تھا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد: مختلف وارداتوں میں اضافہ،شہری لٹنے لگے، دود ملزم گرفتار
تاہم معائنے کے فوراً بعد تصحیح نامہ (Corrigendum) جاری کرتے ہوئے داخلوں کا اشتہار دوبارہ شائع کیا جائے گا، جس کے بعد نئے داخلوں کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔
کیمپس انتظامیہ نے امید ظاہر کی ہے کہ ایچ ای سی کے معائنے کے بعد این او سی کے عمل میں مزید پیش رفت ہوگی اور نیلم کیمپس میں تعلیمی و انتظامی سرگرمیوں کو مزید وسعت دی جا سکے گی۔




