بھارت نے سلال ڈیم کے دروازے کھول دئیے، چناب میں سیلاب کا الرٹ

مقبوضہ جموں و کشمیر کے ریاسی علاقے میں شدید بارشوں کے بعد دریائے چناب میں پانی کی آمد بڑھنے پر سلال ڈیم کے متعدد دروازے کھول دیے گئے، جس سے دریائے چناب کے بہاؤ میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، جبکہ پاکستان میں دریائے چناب کی صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاسی اور دریائے چناب کے بالائی کیچمنٹ میں مسلسل بارش کے باعث سلال ڈیم کے ذخیرے میں پانی کی آمد بڑھی، جس کے بعد اضافی پانی کے اخراج کے لیے ڈیم کے متعدد دروازے کھولے گئے۔

حکام پانی کی سطح اور بہاؤ کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔سلال ڈیم دریائے چناب پر قائم ہے اور وہاں سے خارج ہونے والا پانی بالآخر پاکستان میں داخل ہوتا ہے۔

پانی کے اخراج میں اضافہ ہونے کی صورت میں پاکستان میں دریائے چناب کے بہاؤ میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے، تاہم موجودہ صورتحال میں پاکستان میں بڑے سیلاب کی پیشگوئی کرنا قبل از وقت ہوگا، کیونکہ اثرات کا انحصار اخراج کی مقدار، بارش اور دریا کے موجودہ بہاؤ پر ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں شدید بارشوں اور آندھی کی پیشگوئی، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا

موجودہ صورتحال کے بعد خصوصاً پنجاب میں دریائے چناب کے مختلف مقامات پر پانی کی سطح کی نگرانی اہم ہوگی۔ اگر بالائی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہا اور ڈیم سے پانی کا اخراج مزید بڑھایا گیا تو پاکستانی حدود میں دریائے چناب کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ہوسکتا ہے۔

یاد رہے کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو ’زیر التوا‘ رکھنے کے مؤقف کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان آبی معاملات پہلے ہی کشیدگی کا شکار ہیں۔

موجودہ صورتحال میں سلال ڈیم سے پانی کا اخراج اس لیے بھی اہمیت اختیار کر گیا ہے کہ چناب پاکستان کے اہم دریاؤں میں شامل ہے اور اس کے بہاؤ میں اچانک اضافہ سیلابی خطرات کا امکان بڑھاسکتا ہے۔