پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان لارڈز میں جاری دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز انگلش ٹیم کی پوزیشن مستحکم ہوگئی ہے۔
انگلینڈ نے دن کے اختتام پر دوسری اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز بنا کر مجموعی برتری کو 357 رنز تک پہنچا دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لارڈز ٹیسٹ کا دوسرا روز،پاکستان ٹیم 110 رنز پر ڈھیر،انگلینڈ کی 261رنز کی برتری
تیسرے روز بارش کے باعث تاخیر سے آغاز کے بعد میچ بار بار متاثر ہوتا رہا۔ اس دوران مجموعی طور پر صرف 24.5 اوورز کا کھیل ہوسکا۔
دن کے اختتام پر انگلینڈ سات وکٹیں کھوچکا ہے۔ ڈین لارنس 50 رنز جب کہ اولی روبنسن 2 رنز بنا کر کریز موجود ہیں۔
پاکستان کی جانب سے محمد عباس ایک مرتبہ پھر نمایاں بولر رہے۔ انہوں نے 48 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ انگلینڈ کی پہلی اننگز میں انہوں نے بھی 290 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
انگلینڈ نے تیسرے روز کا آغاز 3 وکٹوں کے نقصان پر 81 رنز سے کیا تھا۔ بارش سے متاثر رہنے کے بعد جیسے ہی کھیل شروع ہوا تو ایمیلیو گے 30 اور ہیری بروک 7 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔
اس موقع پر محمد عباس نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے 31 رنز پر کھڑے ایمیلیو گے اور ہیری بروک کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں 290 رنز بنائے تھے۔ پاکستان کی ٹیم انگلش فاسٹ باؤلرز کے سامنے مشکلات کا شکار رہی اور پوری ٹیم 37.2 اوورز میں 110 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی، جس کے نتیجے میں انگلینڈ کو پہلی اننگز میں 180 رنز کی اہم برتری حاصل ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: مایوس کن کارکردگی،سیریز کے بعد فیصلہ کریں گے،کس کو نکالنا ہے، ہیڈکوچ سرفراز احمد
پاکستان کی جانب سے اذان اویس 46 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔
انگلینڈ کی جانب سے اولی رابنسن نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 11 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کی تھیں، جبکہ جوفرا آرچر نے 26 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔ دونوں باؤلرز کی تباہ کن باؤلنگ کے باعث پاکستان کی بیٹنگ لائن ایک مرتبہ پھر دباؤ میں آگئی۔
دوسری اننگز کے آغاز میں انگلینڈ کو چند جھٹکے لگے، تاہم ایمیلیو گے اور ہیری بروک نے اننگز کو سنبھالا۔ انگلینڈ کی توجہ اب اپنی برتری کو مزید مستحکم کرنے پر مرکوز ہے جب کہ گرین شرٹس میزبان ٹیم کو جلد از جلد پویلین پہچانے کے لیے تگ و دو کرتے نظر آرہے ہیں۔




