انتخاب

آزادکشمیر اسمبلی،سکولوں میں سیرت النبی پڑھانے سمیت 3قراردادیں متفقہ منظور

مظفرآباد:سپیکر آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری طارق فاروق کی زیر صدارت اجلاس میں تین قراردادیں پیش کی گئی جو متفقہ طور پر منظور کر لی گئیں۔

ایم ایل اے محترمہ سحرش قمر کی جانب سے ایوان میں پیش کردہ قرارداد میں کہا گیا کہ میں فقط خاک ہوں مگر محمد ﷺسے ہے نسبت میر ی، بس اک یہ رشتہ ہے جو میری اوقات بدل دیتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم عوام کو درپیش مسائل حل کیلئے پہلا قدم اٹھائیں ، فاروق حیدر، چوہدری یاسین

حضرت محمد ﷺ پر ہماری جان قربان ،آپ ﷺ کی سیرت تمام انسانوں کے لیے مشعل راہ ہے ۔ بے شک ایمان کی تکمیل تب تک نا ممکن ہے جب تک خاتم النبین ﷺ پر ایمان نہ لایا جائے۔

میں اس مقدس ایوان کے ذریعے یہ گزارش کرتی ہوں کہ سیرت النبیﷺ کانفرنس سکولوں، کالجو ں کے علاوہ تمام سرکاری اداروں میں بھی منعقد کی جانی چاہیے۔ آج کے اس دور میں جہاں unrestہے۔ حضوراکرم ﷺ کی زندگی ہم سے کے لیے مشعل راہ ہے۔

آپ ﷺ کی زندگی سے ہمیں حکمت عملی ، صلہ رحمی ، درگزرکا سبق ملتا ہے۔ ان تمام خصوصیات کو اپنی زندگیوں میںلا کر بہترین معاشرہ تکمیل دیا جا سکتا ہے۔ معاشرے میں موجود خرابیوں کو ختم کیا جا سکتا ہے۔

میں اس مقدس ایوان سے یہ پر زور مطالبہ کرتی ہوں کہ تمام سکولوں میں نئی نسل کو سیرت النبی ﷺ کا مضمون علیحدہ سے پڑھایا جائے تاکہ نئی نسل سیرت النبی ﷺ کو اپنی عملی زندگی میں شامل کریں تاکہ بہترین معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔

ڈپٹی سپیکر محمد احمد رضا قادری ، ممبر ان اسمبلی ڈاکٹر مصطفی بشیر اور راجہ ثاقب مجید کی جانب سے بھی قراداد ایوان میں پیش کی گئی ۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ آزادجموںوکشمیر قانون سا ز اسمبلی کا یہ اجلاس پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز ( PIMS) اسلام آباد کے شعبہ اطفال میں ہونے والی حالیہ آتشزدگی جس کے نتیجہ میں پندرہ معصوم بچوں کی اموات ہوئی، پر گہرے رنج والم کا اظہار کرتا ہے۔

یہ ایوان اس دلخراش واقعہ میں فوت ہونے والے بچوں کے ورثاء سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہے اور دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ ورثا کو صبر جمیل عطا فرمائے۔  آمین۔

یہ ایوان وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہباز شریف کے اس اقدام کو سراہتا ہے کہ انہوں نے اس واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر شفاف اور غیر جانبدرانہ انکوائری کا حکم دیا۔

یہ ایوان مملکت خداداد پاکستان کے دفاع اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مسلح افواج پاکستان کی قربانیوں کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتا ہے اور اس بات کا اعادہ کرتاہے کہ ریاست جموں وکشمیر کے لوگ پاکستان کے سیاسی و عسکری قیادت کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور کسی بھی آزمائش کی گھڑی میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

سابق وزیر اعظم و ممبر اسمبلی فیصل ممتاز راٹھور ، ممبران اسمبلی چوہدری محمد یاسین، دیوان علی خان چغتائی ، میاں عبدالوحید،سید بازل علی نقوی، عامر عبدالغفار ، سردار ضیاء القمر ، ظفر اقبال ملک ، چوہدری قاسم مجید اور سردار مختار عباسی کی جانب سے بھی ایوان میں قرارداد پیش کی گئی ۔

قرار داد میں کہا گیا ہے کہ آزادجموںوکشمیر قانون ساز اسمبلی کا یہ معزز ایوان وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے معروف سرکاری ہسپتال (PIMS) کے شعبہ اطفال میں آتشزدگی سے 15کے لگ بھگ نوزائدہ بچوں کی اموات پر گہرے رنج و غم کا ا ظہار کرتاہے اوران کے ورثاء سے دلی تعزیت کرتے ہوئے معصوم جانوں کے ضیاع پر اللہ رب العزت سے ان کے والدین کو بہترین نعم البدل عطا کرنے کی دعا کر تاہے۔

یہ بھی پڑھیں:جمہوری عمل کا تسلسل خوش آئند، افتخار گیلانی کا ریاستی ترقی میں اہم کردار ہوگا،شہبازشریف

یہ معزز ایوان مملکت خداداد اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سانحہ پمز ہسپتال کی صاف شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کا پر زور مطالبہ کرتاہے۔ یہ معزز ایوان شعبہ اطفال کے سربراہ ،ان کے ہمراہ انتظامی عملہ ، پیرا میڈیکل سٹاف کا فی الفور تحویل میں لے کر ان سے باز پرس کر کے ملوث کرداروں کو کیف کردار تک پہنچانے کو ناگزیر تصور کرتا ہے۔

ریاست جموںو کشمیر کا یہ منتخب ایوان مملکت خداداد اسلامی  جمہوریہ پاکستان کی ترقی ، خوشحالی ، ناقابل تسخیر دفاع، قومی وقار ، عوامی مفادات کے لیے پاکستان کے عسکری ، سیاسی قیادت کے شانہ بشانہ اپنا کلیدی کردار نبھانے میں حسب روایت ہر اول دستے کا کردار ادا کرنے کا تجدید عہد کرتا ہے۔

یہ اجلاس 15معصوم پھولوں کی شہادت کے دل خراش سانحہ سمیت ، شہداء افواج پاکستان ، شہداء کشمیر ، شہداء جمہوریت کی بلندی درجات کی دعا کرتاہے۔