اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کی حکومت بننے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے بیرسٹر افتخار گیلانی کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباددی ۔
وزیراعظم پاکستان شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی فتح کا سہرا پارٹی قیادت بالخصوص میاں محمد نواز شریف اور پارٹی کارکنان کی محنت کو جاتا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:اقتدار سنبھالا تو سسٹم بیٹھ چکا تھا، مشکل حالات میں قومی ذمہ داری نبھائی ، فیصل ممتاز راٹھور
وزیراعظم شہبازشریف کا مزید کہنا تھا کہ پر امید ہیں کہ بیرسٹر افتخار گیلانی آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئےبھرپور کردار ادا کریں گے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر کے عوام کی ترقی، خوشحالی اور بہتر معیارِ زندگی کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
وزیراعظم پاکستان نے اپنے پیغام میں کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں جمہوری عمل کا تسلسل خوش آئند ہے۔ نئے جمہوری عمل میں عوامی جمہوری سوچ کا اہم کردار ہے ۔
یاد رہے کہ بیرسٹر افتخار گیلانی آزاد کشمیر کی سیاست میں مسلم لیگ (ن) کے تجربہ کار رہنما ہیں۔ وہ 2011 اور 2016 میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:امید ہے وزیراعظم گیلانی گڈگورننس کیلئے موثر کردار ادا کرینگے،پیر علی رضابخاری
2016 کے انتخابات کے بعد انہیں آزاد کشمیر کابینہ میں وزیر تعلیم کی ذمہ داری بھی سونپی گئی تھی۔
2026 کے حالیہ عام انتخابات میں افتخار گیلانی نے ایل اے 29 مظفرآباد تھری کی نشست سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی حیثیت سے حصہ لیا، تاہم وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار مختار احمد عباسی سے شکست کھا گئے تھے۔
بعد ازاں مخصوص نشستوں کے انتخابات میں انہیں ٹیکنوکریٹ نشست پر مسلم لیگ (ن) کا امیدوار بنایا گیا۔ 24 اگست کو ہونے والے انتخاب میں افتخار گیلانی نے 26 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار صاحبزادہ ذوالفقار علی کو 12 ووٹ ملے۔
یوں عام انتخابات میں شکست کے چند ہفتے بعد افتخار گیلانی دوبارہ قانون ساز اسمبلی کا حصہ بنے اور انہیں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کیا گیا۔




