وزیراعظم عوام کو درپیش مسائل حل کیلئے پہلا قدم اٹھائیں ، فاروق حیدر، چوہدری یاسین

مظفرآباد:سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان نے بیرسٹرسید افتخارعلی گیلانی کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نومنتخب قائد ایوان کو مشکل وقت میں ذمہ داری ملی ہے ۔

قانون سازاسمبلی کے اجلاس میں اظہا رخیال کرتے ہوئے راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ وزیراعظم درپیش مسائل کو حل کرنے کیلئے پہلا قدم اٹھائیں ، پونچھ کے عوام کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے ۔

یہ بھی پڑھیں:نامزد وزیراعظم بیرسٹر افتخار گیلانی نے سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کو ووٹ دینے کیلئے راضی کر لیا

انہوں نے کہا کہ سردار سکندرحیات خان بہترین ایڈمنسٹریٹر رہے ۔ تیرہویں ترمیم نے حقیقی معنوں میں آزادکشمیر کو ایمپاور کیا، آزادکشمیر میں بدامنی کا فائدہ صرف ہندوستان کوہوگا۔

صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر چوہدری محمد یاسین نے بیرسٹر سید افتخارعلی گیلانی کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ اسوقت ریاست ایک نازک صورتحال سے گزر رہی ہے ۔ریاست کا نظام گزشتہ دور میں ایک شخص کی وجہ سے ڈسٹرب ہوا۔ ریاست مزید تجربات کی متحمل نہیں ہو سکتی۔

نومنتخب وزیراعظم کو بہت سارے چیلنجز کا سامنا ہے۔ موجودہ حالات کا حل بلاول بھٹو زرداری نے ٹرتھ اینڈ ری کسنلیشن کمیشن کے ذریعے تجویز کیا۔ امید ہے کہ کمیشن کا قیام عمل میں لا کر آزمائش سے نکلنا پڑیگا۔

انہوں نے کہاکہ حکومت کے ہر ایک اچھے عمل کو سپورٹ کریں گے ۔

ممبراسمبلی سردار مختار احمدخان نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی قیادت اور اپنے حلقہ کے عوام کا شکرگزارہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا۔ مظفرآباد شہر کی ترقی کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائوں گا۔

یہ بھی پڑھیں:فاروق حیدر، شاہ غلام قادر نے افتخار گیلانی کو ووٹ نہ دیا تو تادیبی کارروائی ہوگی،عقیل ملک

انہوں نے کہاکہ شہر کے دیرینہ مسائل حل کرنے کیلئے اقدامات کرناہونگے ۔ شہر میں پارکنگ، بجلی کے نظام کی بہتری ، لوہار گلی ٹنل کی تعمیر سمیت دیگر مسائل حل کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کروں گا۔

ممبر اسمبلی ساجد اقبال عباسی نے بیرسٹرافتخار گیلانی کو قائد ایوان منتخب ہونے پر مبارکبادپیش کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ اسمبلی میں عوام نے نوجوانوں کا انتخاب کر کے ایک نئی سیاسی جہت کی بنیاد رکھی ہے ،چیلنجز زیادہ ہیںلیکن توقع ہے کہ چیلنجز کا مقابلہ کریں گے اور نئے ویژن سے تعمیر و ترقی ہوگی۔