فاروق حیدر، شاہ غلام قادر نے افتخار گیلانی کو ووٹ نہ دیا تو تادیبی کارروائی ہوگی،عقیل ملک

اسلام آباد:وفاقی وزیر قانون بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ اگرآزادکشمیر کے سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر اور صدر مسلم لیگ(ن) شاہ غلام قادر نے پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کی اورنامزد وزیراعظم بیرسٹر افتخار گیلانی کو ووٹ نہ دیا توان کیخلاف کارروائی ہوگی۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئےبیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ راجہ فاروق حیدر اور شاہ غلام قادر نے پارٹی پالیسی پر عملدرآمد نہ کیا تو ان کیخلاف تادیبی کارروائی ہوسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم کا انتخاب:بیرسٹر افتخار گیلانی کا پاور شو کامیاب

پروگرام میں شریک پی ٹی آئی رہنما شہریار آفریدی نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نااہل لوگوں کو حکومت میں لا رہی ہے،جیتے ہوئے شخص کو وزیراعظم کیوں نہیں بنایا جارہا ہے۔

یاد رہے کہ ٹیکنوکریٹ کی نشست سے منتخب ہونیوالے بیرسٹر افتخار گیلانی کو وزیراعظم نامزد کرنے پر مسلم لیگ(ن) صدر شاہ غلام قادر اور سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر ناراض ہو گئے ہیں اور افتخار گیلانی کو ووٹ نہ دینے کا عندیہ دیا ہے۔

قبل ازیں پروگرام میںبیرسٹر افتخار گیلانی نے وزیراعظم نامزدگی پر مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے سینئر رہنماؤںشاہ غلام قادر اور راجہ فاروق حیدر کے شدید ردعمل پر سوال کے جواب میں کہا کہ انتخابات اور نامزدگی کے وقت تحفظات ہونا ایک فطری بات ہے، تاہم یہ تمام چیزیں بالکل ٹھیک ہو جائیں گی۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام رفقاء پارٹی فیصلے کے مطابق ساتھ دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:بیرسٹر افتخار گیلانی کی بطور وزیراعظم نامزدگی ،عوام میں خوشی کی لہر

بیرسٹر افتخار گیلانی نے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کوعوامی مطالبات کو مدنظر رکھتے ہوئے آگے بڑھنا ہوگا اور اس معاملے میں دونوں فریقین کو لچک دکھانے کی ضرورت ہے۔ جب دونوں اطراف سے لچک دکھائی جائے گی تو مسئلے کا حتمی اور مثبت حل نکلے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ احتجاج کرنے والے لوگوں کے ساتھ انگیجمنٹ (مذاکرات) کا عمل جمہوریت اور سیاسی عمل کا بنیادی حصہ ہے۔