افتخار گیلانی

نامزد وزیراعظم بیرسٹر افتخار گیلانی نے سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کو ووٹ دینے کیلئے راضی کر لیا

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، نامزد وزیراعظم بیرسٹر افتخار گیلانی سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کی رہائش گاہ پر پہنچ گئے، جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان اہم سیاسی امور پر تفصیلی ملاقات ہوئی۔

ذرائع کے مطابق بیرسٹر افتخار گیلانی نے راجہ فاروق حیدر خان سے ملاقات کے دوران موجودہ سیاسی صورتحال، اسمبلی اجلاس اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں سیاسی معاملات سمیت باہمی تعاون اور اسمبلی کی کارروائی سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نامزد وزیراعظم بیرسٹر افتخار گیلانی نے راجہ فاروق حیدر خان کو اعتماد میں لیا اور انہیں اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلئے راضی کیا۔ ملاقات کے بعد راجہ فاروق حیدر خان بیرسٹر افتخار گیلانی کے ہمراہ اسمبلی اجلاس میں پہنچے۔

سیاسی حلقوں میں دونوں رہنماؤں کی ملاقات کو اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے جبکہ اسمبلی اجلاس میں راجہ فاروق حیدر خان کی شرکت سے بھی سیاسی صورتحال میں پیدا ہونے والی کشیدگی کم ہونے کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر کے نئے قائد ایوان کا انتخاب آج ہوگا،شاہ غلام قادر، فاروق حیدر کو منا لیا جائیگا، افتخار گیلانی

ذرائع کے مطابق ملاقات کا مقصد سیاسی معاملات کو باہمی مشاورت سے آگے بڑھانا اور اسمبلی کے اندر معاملات کو بہتر انداز میں چلانے کے لیے اتفاق رائے پیدا کرنا تھا۔ بیرسٹر افتخار گیلانی کی جانب سے راجہ فاروق حیدر خان سے براہِ راست ملاقات کو بھی اسی سلسلے کی کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے حوالے سے سیاسی سرگرمیاں تیز ہیں اور مختلف سیاسی رہنماؤں کے درمیان ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ایسے میں نامزد وزیراعظم کی جانب سے سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کی رہائش گاہ پر جا کر ملاقات کرنا اور انہیں اپنے ہمراہ اسمبلی اجلاس میں لانا سیاسی طور پر خاص اہمیت کا حامل سمجھا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور اس دوران سیاسی معاملات کو مشاورت اور افہام و تفہیم کے ذریعے آگے بڑھانے پر زور دیا گیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر: بیرسٹر افتخار گیلانی کی بطور وزیراعظم نامزدگی، نواز شریف کا قابلِ تحسین فیصلہ

راجہ محمد فاروق حیدر خان  بیرسٹر افتخار گیلانی کو ووٹ دینے کیلئے اسمبلی میں داخل ہو چکے ہیں، اس موقع پر فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ پارٹی صدر شاہ غلام قادر ووٹ دینے کیلئے اسمبلی نہیں آئیں گے۔