نیلم (کشمیر ڈیجیٹل ) سرگن کی تقریباً 11 ہزار آبادی کیلئے صحت کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں مین بازار سرگن میں شفاء میڈیکل اینڈ ڈائیگناسٹک سینٹر کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔
نئے طبی مرکز کے قیام سے علاقے کے عوام کو پہلی مرتبہ مقامی سطح پر الٹراساؤنڈ اور دیگر ضروری تشخیصی سہولیات میسر آ سکیں گی۔شفاء میڈیکل اینڈ ڈائیگناسٹک سینٹر کا افتتاح اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہیلتھ مبشر گیلانی نے کیا۔
تقریب میں کلینک آنر محمد ارشاد، میڈیکل سپیشلسٹ ڈاکٹر طارق عبداللہ، جنرل فزیشن ڈاکٹر سفیر اقبال کیانی، فوجدار خان آفریدی، سوشل ایکٹویسٹ خلیل زمان، ڈاکٹر خواجہ غلام احمد، صدر بازار سرگن سردار روشن، مولانا آصف اقبال، منظور شمس، سردار شفیق الرحمٰن سمیت عمائدین علاقہ اور اہلیان سرگن نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ سرگن جیسے دور افتادہ علاقے میں جدید طبی تشخیصی سہولیات کا آغاز ایک خوش آئند اقدام ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:نادرا سینٹرز پر پاسپورٹ سروسز کی تجویز، شہریوں کو بڑی سہولت ملنے کا امکان
ماضی میں مقامی لوگوں کو الٹراساؤنڈ اور دیگر ضروری ٹیسٹوں کیلئےدور دراز علاقوں کا سفر کرنا پڑتا تھا، جس سے انہیں وقت اور اخراجات دونوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ اس مرکز کے قیام سے عوام کو اپنے علاقے میں ہی بہتر طبی سہولیات حاصل ہو سکیں گی۔
شفاء میڈیکل اینڈ ڈائیگناسٹک سینٹر میں الٹراساؤنڈ، فیٹل ڈاپلر، شوگر ٹیسٹ، ای سی جی، پریگننسی ٹیسٹ سمیت مختلف تشخیصی سہولیات دستیاب ہوں گی، جبکہ ماہر ڈاکٹرز مریضوں کا معائنہ اور طبی رہنمائی بھی فراہم کریں گے۔
علاقہ مکینوں نے شفاء میڈیکل اینڈ ڈائیگناسٹک سینٹر کے قیام کو سرگن کے عوام کیلئے ایک بڑی سہولت قرار دیتے ہوئے کہا کہ صحت کے شعبے میں یہ قدم مقامی آبادی کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، خصوصاً خواتین، بزرگوں اور فوری تشخیص کے ضرورت مند مریضوں کو اس سے براہ راست فائدہ پہنچے گا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد میں سرکاری اراضی اور ندی نالوں پر قبضہ مافیا کا راج، شہری پریشان
اہلیان سرگن نے امید ظاہر کی کہ یہ مرکز مستقبل میں بھی معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے علاقے میں صحت کے نظام کو مزید مضبوط بنانے میں کردار ادا کرے گا۔




