پاکستان

سعودی وزیر ماحولیات انجینئر عبدالرحمٰن آج پاکستان پہنچیں گے

سعودی وزیر ماحولیات، پانی اور زراعت انجینئر عبدالرحمٰن الفضلی آج بروز بدھ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ سعودی وزیر کے دورے کا مقصد خوراک کی پیداوار میں باہمی تعاون کو مضبوط بنانے، آبپاشی کے شعبے کو ترقی دینے اور اس کی کارکردگی بہتر بنانے کے طریقوں کا جائزہ لینا ہے۔

فوڈ سکیورٹی اور زرعی تعاون ایجنڈے میں شامل

سعودی وزیر کے دورے کے دوران فوڈ سکیورٹی کو مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے مختلف پہلوؤں پر بات چیت ہوگی۔ اس دورے کو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان زرعی شعبے میں تعاون کے فروغ کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

سعودی وزیر کی حکام سے اہم ملاقاتیں

دورے کے دوران سعودی وزیر اور ان کے ہمراہ وفد کی پاکستانی حکومتی عہدیداروں سے اہم ملاقاتیں شیڈول ہیں۔ ملاقاتوں میں باہمی تعاون کے مختلف شعبوں کو مزید ترقی دینے اور دونوں ممالک کے درمیان روابط کو مؤثر بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

زراعت اور لائیو اسٹاک میں مواقع کا جائزہ

ملاقاتوں کے دوران زرعی اور لائیو اسٹاک کی پیداوار سمیت فوڈ پروسیسنگ کے شعبے میں سرمایہ کاری اور تعاون کے اہم مواقع کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان تجربات، جدید ٹیکنالوجی اور مہارت کے تبادلے پر بھی بات چیت ہوگی تاکہ زرعی شعبے کی پائیداری اور پیداوار میں بہتری لائی جا سکے۔

باہمی سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کیے جائیں گے

سعودی وزیر کا دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور اقتصادی تعاون کے دائرہ کار کو وسعت دینے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:گھریلو ملازمین کی بھرتیاں: پاک،سعودی عرب معاہدے کا امکان

دورے کے دوران فوڈ سکیورٹی کے شعبے میں باہمی سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے کے ساتھ ساتھ زراعت، آبپاشی اور خوراک کی پیداوار میں مشترکہ منصوبوں کے امکانات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔