عمر گل

بابر اعظم لارڈز ٹیسٹ کے لیے فٹ ہیں، بولنگ کوچ عمر گل

 قومی ٹیسٹ ٹیم کے بولنگ کوچ عمر گل نے کہا ہے کہ بابر اعظم لارڈز ٹیسٹ کے لیے مکمل فٹ ہیں اور انہوں نے نیٹس میں اچھی بیٹنگ کی ہے۔

بابر اعظم کی فٹنس پر اہم بیان

لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بولنگ کوچ عمر گل نے کہا کہ تمام کھلاڑی سیریز میں واپسی کیلئے پُرعزم ہیں۔ بابر اعظم مکمل طور پر فٹ ہیں اور انہوں نے نیٹس میں بھرپور بیٹنگ پریکٹس کی ہے۔

ٹیسٹ جیتنے کیلئے 20 وکٹیں ضروری

عمر گل کا کہنا تھا کہ انگلش کنڈیشنز میں بلے بازوں کے مقابلے میں بولرز پر زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے  کیونکہ جب تک مخالف ٹیم کے 20 کھلاڑی آؤٹ نہیں کریں گے، ٹیسٹ میچ جیتنا ممکن نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ میچ میں فتح کے لیے 20 وکٹیں حاصل کرنا ضروری ہے، اس لیے قومی بولرز کو چاہیے کہ وہ اپنی ذمہ داری بھرپور انداز میں ادا کریں۔

لارڈز میں قومی ٹیم کی بھرپور پریکٹس

دوسری جانب قومی ٹیم نے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں دوسرے ٹیسٹ  کیلئے بھرپور پریکٹس کی ہے۔ کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کے شعبوں میں تیاری کی جبکہ ٹیم مینجمنٹ نے انگلینڈ کے خلاف کم بیک کیلئے حکمت عملی پر بھی توجہ دی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:لارڈز ٹیسٹ کیلئے قومی ٹیم میں تبدیلیوں کی تیاریاں، بابر اعظم کی واپسی متوقع

واضح رہے کہ انگلینڈ نے پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی شاندار برتری حاصل کر رکھی ہے۔

دوسرے ٹیسٹ میں ٹیم میں تبدیلی کا امکان

دوسرے ٹیسٹ کے لیے قومی ٹیم میں تبدیلیوں کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ محمد رضوان کی جگہ غازی غوری کو پلیئنگ الیون میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

قومی ٹیم کی کوشش ہوگی کہ لارڈز ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کرکے سیریز برابر کی جائے۔