مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کے اعزاز میں چیف سیکرٹری خوشحال خان کی جانب سے الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں آزاد کشمیر حکومت کے جملہ سیکرٹری صاحبان نے شرکت کی۔
وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور جب تقریب میں شرکت کے لیے پہنچے تو چیف سیکرٹری خوشحال خان، سیکرٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن چوہدری امتیاز اور دیگر سیکرٹری صاحبان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں گلدستے پیش کیے۔

اس موقع پر وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے چیف سیکرٹری خوشحال خان اور تمام سیکرٹری صاحبان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری امور کی انجام دہی میں سول بیوروکریسی کا کردار انتہائی اہم ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم آزادکشمیر کا انتخاب،حلف برداری تقریب کا شیڈول جاری
مختصر مدت کے دوران حکومت اور بیوروکریسی نے باہمی تعاون، ٹیم ورک اور بہترین ورکنگ ریلیشن شپ کے ذریعے عوامی مسائل کے حل اور ریاستی امور کو بہتر انداز میں چلانے کے لیے بھرپور کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ اداروں کے درمیان بہتر روابط، باہمی احترام اور میرٹ پر مبنی فیصلہ سازی کو ترجیح دی۔ حکومت کی کامیابی دراصل پوری ٹیم کی کامیابی ہوتی ہے، اس لئے میں چیف سیکرٹری سمیت تمام سیکرٹری صاحبان اور افسران کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مشکل حالات میں حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔
انہوں نے کہا کہ عہدے اور ذمہ داریاں عارضی ہوتی ہیں، لیکن ریاست اور عوام کی خدمت کا جذبہ ہمیشہ قائم رہنا چاہیے۔ تمام افسران ریاستی اداروں کے تسلسل اور عوامی خدمت کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کیلئے اپنا کردار جاری رکھیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کالعدم ایکشن کمیٹی نے سیاحت، تعلیم وترقی ،معیشت تباہ کردی، آئی جی لیاقت علی ملک
وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے چیف سیکرٹری خوشحال خان اور سیکرٹری صاحبان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کی ترقی، خوشحالی اور عوامی خدمت کے سفر میں ان کا تعاون ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
چیف سیکرٹری خوشحال خان نے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے مختصر مدت میں ریاستی امور کو بہتر بنانے، اداروں کے درمیان رابطہ کاری اور عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کیا۔

انہوں نے وزیراعظم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔تقریب کے اختتام پر وزیراعظم کو تحائف اور سوونییر دئیے گئے ۔وزیراعظم نے اعلی بیوروکریسی کے ساتھ طعام نوش فرمایا جس دوران ہلکی پھلکی گپ شپ بھی جاری رہی جس نے ماحول کو خوشگوار اور یادگار بنا دیا ۔
ایک بڑے عہدے پر متمکن ہونے کے۔ موجود فیصل ممتاز راٹھور نے جس انکساری کا مظاہرہ کیا اعلی بیوروکریسی نے ان کے اعلی ظرف کو بے حد سراہا ۔آخر میں وزیراعظم نے چیف سیکرٹری اور سیکرٹری صاحبان کے ساتھ گروپ فوٹو بنوایا یوں ایک یادگار تقریب اور عہد اپنے اختتام کو پہنچا۔




