ترجمان محکمہ ان لینڈ ریونیو، ضلع بھمبر نے اپنے تردیدی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر بھمبر میں جعلی سگریٹ فیکٹریوں کی رجسٹریشن اور ٹیکس چوری سے متعلق رپورٹس کی سختی سے تردید کرتے ہیں۔
محکمہ ان لینڈ ریونیو ضلع بھمبر نے سوشل میڈیا، بالخصوص فیس بک اور دیگر ذرائع ابلاغ پر ضلع بھمبر میں مبینہ طور پر جعلی سگریٹ فیکٹریوں کی رجسٹریشن، بدوں رجسٹریشن قیام و آپریشن اور ٹیکسوں کی عدم ادائیگی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے انہیں حقائق کے منافی، بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ بھمبر میں سگریٹ مینوفیکچرنگ یونٹس کی رجسٹریشن اور قانونی حیثیت کے حوالے سے تمام متعلقہ قوانین اور محکمانہ ضوابط پر سختی سے عملدرآمد کیا جاتا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کا دور حکومت ختم، شاندار الوداعی تقریب کا اہتمام
کسی بھی صنعتی یونٹ کو محض زبانی یا غیر رسمی بنیادوں پر قانونی حیثیت حاصل نہیں ہوتی بلکہ اس کے قیام اور رجسٹریشن کے لیے مختلف سرکاری اداروں کے ذریعے ایک باقاعدہ اور جامع قانونی و دستاویزی عمل مکمل کیا جاتا ہے۔
ترجمان کے مطابق کسی صنعتی ادارے کے قیام کے ابتدائی مرحلے میں محکمہ صنعت و حرفت کی جانب سے باقاعدہ Incorporation Number الاٹ کیا جاتا ہے۔
جس کے بعد ادارے کے Memorandum & Articles of Association، ڈائریکٹرز کی فہرست، سرمایہ کاری کی تفصیلات، شیئر ہولڈنگ، مالیاتی گوشواروں اور دیگر ضروری دستاویزات کی جانچ پڑتال اور تکمیل کی جاتی ہے۔
اس کے بعد متعلقہ شناختی دستاویزات، بشمول CNICs اور دیگر قانونی کوائف کی تکمیل کے نتیجے میں ادارہ ایک باقاعدہ Legal Entity کے طور پر قائم ہوتا ہے۔
ترجمان نے مزید واضح کیا کہ مختلف سرکاری اداروں سے ضروری قانونی و انتظامی تقاضے مکمل ہونے کے بعد متعلقہ کمپنی /فرم کو محکمہ ان لینڈ ریوینیو کی جانب سے National Tax Number (NTN) اور Sales Tax Registration Number تحت ضابطہ الاٹ کیا جاتا ہے اور وہ محکمہ ان لینڈ ریونیو کے متعلقہ نظام میں باقاعدہ طور پرenroll اور رجسٹرڈ ہوتا ہے۔
لہٰذا یہ تاثر دینا کہ ضلع بھمبر میں بغیر کسی قانونی و محکمانہ عمل کے جعلی سگریٹ فیکٹریاں رجسٹرڈ ہیں، قطعی طور پر حقائق کے منافی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ضلع بھمبر میں قائم بعض سگریٹ مینوفیکچرنگ یونٹس 1990ء کی دہائی سے باقاعدہ طور پر قائم اور فعال ہیں اور ان تمام نئی و پرانی فیکٹریوں سے قانون و ضابطے کے مطابق سیلز ٹیکس، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (FED) اور دیگر قابل اطلاق ٹیکسز ماہانہ بنیادوں پر باقاعدگی سے قومی خزانے میں جمع کرائے جاتے ہیں۔
یہ صنعتی یونٹس ضلع بھمبر کے اہم اور بڑے ٹیکس پیئرز میں شمار ہوتے ہیں اور ان کی جانب سے سرکاری خزانے میں نمایاں ریونیو جمع کرایا جاتا ہے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ متعلقہ سگریٹ مینوفیکچرنگ یونٹس جن برانڈز کے تحت سگریٹ تیار کرتے ہیں، ان برانڈز کے لیے متعلقہ برانڈ لائسنسنگ اتھارٹیز سے باقاعدہ لائسنسنگ اور رجسٹریشن کا عمل مکمل کیا جاتا ہے۔
متعلقہ ادارے منظور شدہ اور رجسٹرڈ برانڈز کے مطابق ہی پیداوار کرنے کے پابند ہیں۔محکمہ ان لینڈ ریونیو کا متعلقہ فیلڈ سٹاف ان صنعتی یونٹس کے پیداواری عمل، برانڈز اور ٹیکس سے متعلق امور کی روزانہ کی بنیاد پر نگرانی اور چیکنگ کرتا ہے تاکہ کسی بھی قسم کی غیر قانونی پیداوار، جعلی برانڈ، ٹیکس چوری یا دیگر بے ضابطگی کی بروقت نشاندہی کی جا سکے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ محکمہ ان لینڈ ریونیو کی جانب سے غیر قانونی اور کاؤنٹر فِیٹ سگریٹ کے خلاف کارروائیاں ماضی میں بھی کی جاتی رہی ہیں۔
اسی سلسلے میں محکمہ ان لینڈ ریونیو کی تاریخ میں گزشتہ سال ایک بڑی کارروائی کے دوران پنجاب سے آمدہ 800 کے لگ بھگ کارٹن کاؤنٹر فیٹ سگریٹ بھی پکڑے گئے تھے جو محکمہ کی غیر قانونی سگریٹ اور ٹیکس چوری کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کا واضح ثبوت ہے۔
ترجمان نے کہا کہ مذکورہ کارروائی کے بعد بھی محکمہ ان لینڈ ریونیو کی جانب سے غیر قانونی سگریٹ، جعلی برانڈز اور ٹیکس چوری کے سدباب کے لیے روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ، چیکنگ اور فیلڈ ویریفکیشن کا عمل جاری ہے۔
تمام متعلقہ فیکٹریوں سے قانون کے مطابق سیلز ٹیکس، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی اور دیگر واجب الادا ٹیکسز باقاعدگی سے وصول کر کے سرکاری خزانے میں جمع کروائے جا رہے ہیں۔
ترجمان محکمہ ان لینڈ ریونیو ضلع بھمبر نے سوشل میڈیا اور بعض دیگر ذرائع ابلاغ پر جعلی سگریٹ فیکٹریوں اور ٹیکس چوری سے متعلق شائع ہونے والی رپورٹس کی سختی سے تردید اور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسی خبریں نہ صرف حقائق کے منافی ہیں بلکہ ان سے محکمہ ان لینڈ ریونیو کے افسران و اہلکاروں کی ساکھ کو نقصان پہنچانے اور عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش بھی ظاہر ہوتی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:تنخواہ ،الاؤنسز میں اضافہ فیسکو ملازمین کیلئے مالی ریلیف فراہم کردیا
ترجمان نے کہا کہ محکمہ ان لینڈ ریونیو ایک ذمہ دار سرکاری ادارہ ہے اور ریونیو کی وصولی، ٹیکس قوانین کے نفاذ اور ٹیکس چوری کی روک تھام کے لیے اپنی قانونی ذمہ داریاں پوری کرنے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جاتی۔
جس کی واضح مثال یہ ہے کہ محکمہ ان لینڈ ریوینیو نے مالی سال 2025-26کے دوران انتہائی نامساعد حالات کے باوجود مبلغ 71ارب روپے سے زائد کی شاندار ریوینیو کلیکشن کر کے تاریخی کامیابی حاصل کی ہے، جو ریاستی مالی استحکام میں محکمہ کے کلیدی کردار کاٹھوس ثبوت ہے۔
تاہم بعض شر پسند عناصر کو محکمہ کی یہ غیر معمولی کامیابی ہضم نہیں ہو رہی اور وہ محکمہ کو بدنام اوراس کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کیلئے بے بنیاد الزامات اور اوچھے ہتھکنڈوں کا سہارا لے رہے ہیں۔
ترجمان نے مزید واضح کیا کہ قانون کے مطابق رجسٹرڈ اور باقاعدگی سے ٹیکس ادا کرنے والے صنعتی یونٹس کو بلاجواز جعلی قرار دینا ناقابل قبول ہے۔
جبکہ اگر کسی بھی جگہ غیر قانونی، غیر رجسٹرڈ یا کاؤنٹر فِٹ سگریٹ کی تیاری یا فروخت کا کوئی مصدقہ ثبوت سامنے آتا ہے تو محکمہ ان لینڈ ریونیو متعلقہ قانون کے تحت فوری اور سخت کارروائی عمل میں لائے گا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ محکمہ ان لینڈ ریونیو ضلع بھمبر ٹیکس چوری، جعلی سگریٹ، غیر قانونی پیداوار اور غیر رجسٹرڈ کاروباری سرگرمیوں کے خلاف اپنی کارروائیاں بلاامتیاز جاری رکھے گا۔
تاہم کسی بھی سرکاری ادارے یا اس کے اہلکاروں کے خلاف بغیر ثبوت کے بے بنیاد الزامات یا گمراہ کن خبریں پھیلانے والے عناصر کے خلاف بھی قانون کے مطابق ضروری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔




