کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنما سردار امان کے خلاف تھانہ پلندری میں مقدمہ درج

کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے زیرِ اہتمام پلندری کے مقبول بٹ شہید چوک میں منعقدہ جلسے سے متعلق پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تھانہ پلندری میں باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس کی جانب سے درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق جلسے کے دوران کالعدم تنظیم کے رہنما سردار امان نے اشتعال انگیز اور قابلِ اعتراض خطاب کیا تھا۔

پولیس رپورٹ میں موقف اپنایا گیا ہے کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں نے ریاست، آئین اور سیکیورٹی اداروں کے خلاف ہٹ دھرمی، اکسانے اور امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کی۔ مقدمے میں سردار امان سمیت دیگر نامزد و نا معلوم افراد کو شامل کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ، کالعدم ایکشن کمیٹی کے لوگوں کیساتھ مذاکرات کا وقت مناسب،مبشرگیلانی

ایف آئی آر کا متن اور عائد کردہ دفعات

تھانہ پلندری میں درج مقدمہ ملزمان کے خلاف پاکستان پینل کوڈ (PPC) کی دفعات 500، 506(2)، 34، 138 اور انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 20 سمیت دیگر حساس دفعات شامل کی گئی ہیں۔ ایف آئی آر میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مظاہرے اور جلسے کے نام پر عوامی و سرکاری نظم و ضبط کو چیلنج کرنے اور ریاست مخالف نعرے بازی کی کوشش کی گئی۔

پولیس کی جانب سے تفتیش کا آغاز:

مقدمہ درج ہونے کے بعد پولیس نے واقعے کی باقاعدہ تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ آئین اور قانون سے بالاتر کسی کو بھی ریاست مخالف تقریر یا خطے میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے قانونی اقدامات عمل میں لائے جا رہے ہیں۔