مظفرآباد اور آزاد کشمیر میں بارش، محکمہ موسمیات کی 23 اگست تک مزید بارشوں کی پیشگوئی

آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ مسلسل جاری ہے، جس کے باعث جہاں ایک طرف موسم خوشگوار ہو گیا ہے وہیں مون سون سے متاثرہ علاقوں کے مکینوں کی مشکلات میں بھی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ حالیہ مون سون بارشوں کے دوران آزاد کشمیر میں ہونے والے جانی و مالی نقصان کے بعد شہری مزید بارشوں کے پیشِ نظر شدید تشویش کا شکار ہیں۔ اس موسمی صورتحال کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی لاحق ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آزاد کشمیر سمیت ملک بھر کے مختلف علاقوں میں 23 اگست تک مزید بارشوں کی نوید سنا دی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہونے لگا ہے، جس کے تحت 23 اگست تک آزاد کشمیر کے متعدد علاقوں میں بارشوں کا امکان موجود ہے۔

محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے:

آزاد کشمیر: وادی نیلم، مظفرآباد، راولاکوٹ، پونچھ، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں بارش کا امکان ہے، جبکہ کچھ مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔

گلگت بلتستان: 23 اگست تک گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں بشمول استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، غانچے اور نگر میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر سمیت ملک بھر میں 23اگست تک مزید بارشوں کا امکان

ملک کے دیگر بالائی اور وسطی حصوں میں بھی بارش کا سلسلہ پھیلے گا:

اسلام آباد و بالائی پنجاب: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، تلہ گنگ اور اٹک میں بارش متوقع ہےجبکہ
خیبر پختونخوا: چترال، سوات، کوہستان، ملاکنڈ، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، شانگلہ، بونیر، کوہاٹ، ہنگو، کرم، باجوڑ، مہمند، خیبر اور اورکزئی میں بارش کا امکان ہے۔ علاوہ ازیں ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، پشاور، مردان، کرک، بنوں اور وزیرستان میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

دوسری جانب آج سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع و علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ تاہم بلوچستان کے مخصوص علاقوں جیسے موسیٰ خیل، بارکھان، ژوب، قلات اور خضدار میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔