صومالیہ اور یمن میں بحری قزاقوں کا 2 جہازوں پر قبضہ،22 بھارتی ملاح لاپتہ

یمن اور صومالیہ کے قریب مسلح قزاقوں نے الگ الگ کارروائیوں کے دوران دو تجارتی جہازوں پر قبضہ کرلیا۔22 بھارتی ملاحوں کو اغواء کرکے لاپتہ کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وزارتِ جہاز رانی کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ پہلا واقعہ 17 اگست کو صومالیہ کے علاقے پونٹ لینڈ کے ساحل کے قریب پیش آیا تھا۔

جہاں کیمرون کے پرچم بردار تجارتی جہاز ایم وی لُطف کو مسلح قزاقوں نے اپنے قبضے میں لے لیا۔ اس جہاز پر عملے کے 10 افراد میں سے 6 بھارتی شہری ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:سرکاری تقریب میں افسران کی بگھی پر سواری،وزیراعظم کا سخت نوٹس،انتباہ جاری

گزشتہ روز بھی بحری قزاق یمن کے خلیجِ عدن میں اریٹیریا کے پرچم بردار آئل ٹینکر پر قبضہ کرکے صومالیہ لے گئے۔ اس جہاز پر بھی 20 میں سے 16 ملاح بھارتی لاپتہ ہیں۔

اس طرح مجموعی طور پر دو تجارتی جہازوں کے 22 بھارتی ملاح اس وقت بحری قزاقوں کی تحویل میں ہیں۔ جن کے بارے میں تاحال کوئی اطلاع نہیں ہے۔

جون کے پہلے ہفتے میں آبنائے ہرمز اور خلیج عمان کے قریب امریکی فوجی کارروائیوں میں بھارتی ملاح بھی نشانہ بنے تھے۔

سب سے سنگین واقعے میں پالاؤ کے پرچم بردار آئل ٹینکر ایم ٹی سیٹے بیلو پر امریکی حملے میں 24 بھارتی ملاحوں میں سے 3 ہلاک ہوگئے جبکہ 21 کو بچالیا گیا تھا۔

امریکا نے جہاز کو مبینہ طور پر ایرانی تیل کی نقل و حمل اور اپنی بحری ناکہ بندی کی خلاف ورزی سے جوڑا تھا جبکہ بھارت نے تجارتی جہازوں اور شہری ملاحوں کو نشانہ بنانے پر شدید احتجاج کیا۔

اس عرصے میں کم از کم تین ایسے تجارتی جہاز امریکی کارروائیوں کی زد میں آئے جن پر بھارتی عملے کے ارکان موجود تھے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:میٹا چیف ایگزیکٹو مارک زکر برگ نے 2کروڑ 30لاکھ ڈالرکا نیا محل خرید لیا

14 جولائی کو آبنائے ہرمز سے گزرنے والے متحدہ عرب امارات سے متعلق دو آئل ٹینکروں ایم ٹی البہیۃ اور ایم ٹی ممباسا پر حملوں میں مجموعی طور پر 30 بھارتی ملاح سوار تھے۔

بھارتی وزارتِ خارجہ کے مطابق ایم ٹی البہیۃ پر موجود 12 بھارتیوں میں سے ایک ہلاک اور ایک زخمی جبکہ ایم ٹی ممباسا پر موجود 18 بھارتیوں میں سے 9 زخمی ہوئے تھے جن میں 2 کی حالت تشویش ناک بتائی گئی۔

جولائی میں ہی عمان کے ساحل کے قریب ایک تجارتی جہاز پر حملے کے بعد اس پر موجود 11 بھارتی شہریوں میں سے 10 کو بچالیا گیا جبکہ ایک بھارتی ملاح لاپتا ہوگیا تھا بعد ازاں اس کے ہلاک ہونے کی اطلاع سامنے آئی تھی۔

دو اغوا شدہ جہازوں کا معاملہ اس سے مختلف ہے کیونکہ یہ واقعات جنگی فریقوں کی فوجی کارروائی نہیں بلکہ صومالیہ اور یمن کے قریب مسلح بحری قزاقوں کی کارروائیاں ہیں۔

دونوں جہازوں پر موجود 22 بھارتی ملاحوں کی سلامتی کے حوالے سے بھارتی حکام نے ابتدائی طور پر اطمینان دلایا تاہم ان کی رہائی اور جہازوں کی بازیابی کے لیے جاری کوششوں کی مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔