مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) آزاد کشمیر میں خواتین کی مخصوص نشستوں پر پیپلزپارٹی کے امیدواروں کے نام فائنل کر لئے گئے
معتبر ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی نے آزاد کشمیر اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں کیلئے پونچھ سے فرزانہ یعقوب اور مظفرآباد سے شگفتہ نورین کو ٹکٹ جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
دوسری جانب وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی حمایت یافتہ امیدوار زوبیہ خورشید راجہ کو امیدواروں کی فہرست سے ڈراپ کر دیا گیا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کا ایک اور انقلابی اقدام ،سولر سٹریٹ لائٹس منصوبے کا افتتاح
ذرائع کے مطابق خواتین کی مخصوص نشستوں میں سے ایک نشست پر مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلزپارٹی کے درمیان ووٹ برابر ہونے کے باعث ٹائی کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔
آزاد کشمیر اسمبلی کے نومنتخب ارکان کی تعداد 38 ہے، جبکہ خواتین کی پانچ مخصوص نشستوں پر کامیابی کیلئے کسی امیدوار کو کم از کم سات ووٹ درکار ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے 26 ارکان اسمبلی اپنی تین امیدواروں کو سات، سات ووٹ دے کر کامیاب کرانے کی پوزیشن میں ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:میٹرک امتحانات :100فیصد نتائج ،عقاب سکول کے بینائی سے محروم طلباء نے نئی تاریخ رقم کردی
چوتھی امیدوار کیلئے پارٹی کے پانچ ارکان ووٹ کاسٹ کریں گے۔پیپلزپارٹی کے 12 ارکان اسمبلی بھی ایک امیدوار کو سات ووٹ جبکہ دوسری امیدوار کو پانچ ووٹ دیں گے۔
اس طرح ایک نشست پر مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کی امیدواروں کے درمیان پانچ، پانچ ووٹ برابر ہونے سے ٹائی کی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹائی کی صورت میں مخصوص نشست کے نتیجے کا فیصلہ متعلقہ انتخابی قوانین اور طریقہ کار کے تحت کیا جائے گا۔




