اسلام آباد / راولپنڈی: جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں مسلسل موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے بعد نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے پر رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ دو سے چار گھنٹے کے دوران مزید تیز بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
بارش کے باعث واسا کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، جبکہ ایم ڈی واسا کی ہدایت پر نشیبی علاقوں میں فوری طور پر عملہ اور ہیوی مشینری تعینات کر دی گئی ہے۔ ایم ڈی واسا خود فیلڈ میں موجود رہ کر نکاسی آب کے آپریشن کی براہِ راست نگرانی کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: تیسرے روز بھی بارش، نشیبی علاقے زیر آب،راولپنڈی میں الرٹ جاری
نالہ لئی اور بارش کے تازہ ترین اعداد و شمار:
ترجمان واسا کے مطابق جڑواں شہروں میں اوسطاً 91.76 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔ مختلف علاقوں میں بارش کی تفصیلات درج ذیل ہیں:
سید پور: 91 ملی میٹر،ایچ ایٹ (H-8): 86 ملی میٹر،گولڑہ: 88 ملی میٹر،بوکرہ: 70 ملی میٹر،شمس آباد: 66 ملی میٹر،چکلالہ: 48 ملی میٹرریکارڈ کی گئی۔
بارش کے نتیجے میں نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 21 فٹ اور گوالمنڈی کے مقام پر 15 فٹ تک پہنچ گئی ہے۔ نالہ لئی کے اطراف رہائش پذیر آبادیوں کو محتاط کرنے اور خبردار کرنے کے لیے سائرن بجا دیے گئے ہیں۔
صادق آباد، مری روڈ، کمیٹی چوک اور لیاقت باغ سمیت تمام حساس اور نشیبی علاقوں میں ہیوی مشینری کی مدد سے پمپنگ آپریشن جاری ہے اور نالوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔
اسلام آباد ایکسپریس وے پر ٹریفک متاثر، ایڈوائزری جاری:
موسلا دھار بارش کے باعث اسلام آباد ایکسپریس وے سمیت اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔ حالات کے پیشِ نظر اسلام آباد ٹریفک پولیس کے افسران سڑکوں پر موجود ہیں اور شہریوں کے لیے اہم ٹریفک ایڈوائزری جاری کی گئی ہے:
- رفتار اور فاصلہ: گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی رفتار دھیمی رکھیں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ قائم رکھیں۔
- حفاظتی اقدامات: ڈرائیونگ کے دوران سیٹ بیلٹ، سائیڈ مررز اور انڈیکیٹرز کا لازمی استعمال کریں اور فوگ لائٹس آن رکھیں۔
- موٹرسائیکل سوار: ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں اور صرف انتہائی بائیں (Left) لین میں سفر کریں۔
- شہری کسی بھی قسم کی رہنمائی یا تازہ ترین صورتحال جاننے کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے واٹس ایپ چینل (FM 92.4) اور آفیشل سوشل میڈیا پیجز سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
آئندہ صورتحال اور عوامی ہدایت:
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، ٹیکسلا اور واہ کینٹ میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں بھی بارشوں سے مختلف حادثات میں قیمتی جانی نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو سخت ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں اور بجلی کے کھمبوں، کھلے تاروں اور ندی نالوں سے دور رہیں۔




