شیڈول

حکومت سازی کیلئے بڑی پیشرفت، مخصوض نشستوں کے انتخابات کا شیڈول جاری

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے آزاد کشمیر اسمبلی کی 8 مخصوص نشستوں پر انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔

شیڈول کے مطابق مخصوص نشستوں میں 5 خواتین، ایک علماء و مشائخ، ایک بیرونِ ملک مقیم جموں و کشمیر کے ریاستی باشندوں جبکہ ایک نشست ٹیکنوکریٹس و دیگر پروفیشنلز کے لیے مختص ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق امیدوار 20 اگست کو کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائیں گے، اسی روز کاغذات کی جانچ پڑتال کے بعد اُمیدواروں کی فہرست بھی جاری کی جائے گی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:حویلی انتخابی دھاندلی کیس: الیکشن کمیشن ممبر کا اختلافی نوٹ سامنے آ گیا

کاغذاتِ نامزدگی کے خلاف اپیلیں 21 اگست کو دائر کی جا سکیں گی، جبکہ 22 اگست کو اپیلوں کی سماعت اور فیصلے کیے جائیں گے۔

23 اگست کو اُمیدواروں کو دستبرداری کا موقع دیا جائے گا اور اسی روز امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔

مخصوص نشستوں پر پولنگ 24 اگست کو صبح 10 بجے سے دوپہر ایک بجے تک اسمبلی ہال، بلاک 12 سول سیکرٹریٹ مظفرآباد میں ہوگی۔

ذرائع کے مطابق مخصوص نشستوں کے انتخابات مکمل ہونے کے بعد آزاد کشمیر میں نئے سیاسی سیٹ اپ کی تشکیل کا عمل تیز ہونے کا امکان ہے۔

25 اگست کو نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب متوقع ہیں جبکہ 27 اگست کو وزیراعظم آزاد کشمیر کا انتخاب بھی متوقع ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:حویلی انتخابی دھاندلی کیس میں ممبر الیکشن کمیشن سید نذیر الحسن گیلانی کا اختلاف، فارم 24 مسترد

ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے وزیراعظم کے انتخاب کے بعد حلف برداری کی تقریب بھی متوقع ہے، جس کے بعد آزاد کشمیر میں نئے سیاسی سیٹ اپ کی تکمیل ہو جائے گی۔