یادگارِ شہدائے کیرن میں جشنِ آزادی کی پروقار تقریب کا انعقاد

نیلم: جشنِ آزادی پاکستان 14 اگست کی دوسری بڑی اور پروقار تقریب یادگارِ شہدائے کیرن میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر شاہ غلام قادر تھے جبکہ تقریب کی صدارت جی او سی چنار ڈویژن نے کی۔ اس موقع پر سابق وزیر اطلاعات مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ، بریگیڈیئر فالن بریگیڈ، سول و عسکری حکام، عمائدینِ علاقہ، شہریوں اور سیاحوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

تقریب کے آغاز پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے پرچموں کو سلامی پیش کی۔ بعد ازاں مہمانِ خصوصی شاہ غلام قادر اور جی او سی نے یادگارِ شہدائے کیرن پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور شہدائے وطن کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ جشنِ آزادی کی اس رنگا رنگ تقریب میں ملی نغمے، تقاریر اور ٹیبلو پیش کیے گئے جبکہ معروف گلوکاروں نے اپنے فن کے ذریعے پاکستان اور کشمیر سے والہانہ محبت کا اظہار کیا۔

کشمیر اور پاکستان کا رشتہ نظریاتی اور جذباتی ہے، پیر مظہر سعید شاہ:

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اطلاعات مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا کہ پاکستان ہماری امید، پہچان اور کشمیری عوام کے دلوں کی آواز ہے۔ آزادئ پاکستان کے لیے ہمارے بزرگوں اور شہدائے وطن نے عظیم قربانیاں دیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان کا رشتہ نظریاتی، تاریخی اور جذباتی بنیادوں پر قائم ہے اور کشمیری عوام اپنی اس محبت کو نسل در نسل منتقل کرتے رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: مری:ن لیگ کا اہم مشاورتی اجلاس ختم، آزاد کشمیر کی نئی حکومت کی ترجیحات زیرِ غور

انہوں نے مزید کہا کہ وادی نیلم کے عوام نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ اپنی غیر متزلزل وابستگی کا عملی اظہار کیا ہے۔ یادگارِ شہدائے کیرن پر اس تقریب کا انعقاد سرحدی عوام اور پاک فوج کے درمیان مضبوط اعتماد اور یکجہتی کے رشتے کا مظہر ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ قائد اعظمؒ کے اصولوں کو اپنا کر ملک کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

پاک فوج اور عوام وطن کے دفاع کے لیے متحد ہیں، جی او سی چنار ڈویژن:

جی او سی چنار ڈویژن نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی آزادی شہداء اور غازیوں کی بے مثال قربانیوں کا ثمر ہے۔ پاک فوج اور قوم نے ہمیشہ وطن کے دفاع کے لیے قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی ملکی سالمیت، خودمختاری اور دفاع کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے پاکستان کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور ہم ان کے جذبۂ حب الوطنی کو سلام پیش کرتے ہیں۔ پاکستان کی خوشحالی، ترقی اور استحکام ہی ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے، جس کے لیے پوری قوم کو متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔

انعامات کی تقسیم اور دعائیہ تقریب:

تقریب کے دوران شاندار پرفارمنس پیش کرنے والے فنکاروں اور طلبہ کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ جی او سی چنار ڈویژن، سابق وزیر اطلاعات مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ اور بریگیڈیئر فالن بریگیڈ نے بہترین کارکردگی دکھانے والوں میں نقد انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔

تقریب کا اختتام وطنِ عزیز کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور کشمیر کی آزادی کے لیے کی جانے والی خصوصی دعاؤں اور قومی یکجہتی کو فروغ دینے کے پختہ عزم کے ساتھ ہوا۔