آزاد کشمیر: باغ کے 2 حلقوں میں 23 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ جاری

آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 15 باغ 2 اور ایل اے 16 باغ 3 کے 23 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا عمل شروع ہوگیا ہے، جہاں ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔

دوبارہ پولنگ کے لیے دونوں حلقوں میں انتخابی عملہ اور سیکیورٹی اہلکار پولنگ اسٹیشنز پر پہنچ گئے ہیں، جبکہ شفاف اور پرامن انتخابی عمل کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کیے گئے ہیں۔

حلقہ ایل اے 15 باغ 2 کے 9 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ ہو رہی ہے، جہاں مجموعی طور پر 5 ہزار 32 ووٹرز اپنا ووٹ کاسٹ کرسکیں گے۔ انتظامیہ کی جانب سے پولنگ اسٹیشنز پر انتخابی عملے کی تعیناتی کے ساتھ سیکیورٹی کے بھی مناسب انتظامات کیے گئے ہیں۔

ایل اے 15 باغ 2 میں 9 پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ:

حکام کا کہنا ہے کہ ووٹرز کو اپنی انتخابی ذمہ داری پوری کرنے کے لیے تمام ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ دوبارہ پولنگ کے لیے متعلقہ پولنگ اسٹیشنز پر انتخابی عملہ اور سیکیورٹی اہلکار موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: باغ کے 2حلقوں کے 23پولنگ سٹیشنز پر آج دوبارہ پولنگ ہوگی

اس حلقے میں ابتدائی نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار ضیا القمر 16 ہزار 637 ووٹ کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں، جبکہ مسلم لیگ ن کے راجا مشتاق منہاس 15 ہزار 15 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

جماعت اسلامی کے امیدوار بریگیڈیئر ر کے راجا محمد خان 12 ہزار سے زیادہ ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ ضیا القمر اور راجا مشتاق منہاس کے درمیان ووٹوں کا فرق زیادہ نہیں ہے۔

جس کے باعث دوبارہ پولنگ کے نتائج میں اہم تبدیلی کا امکان موجود ہے اور سیاسی حلقے راجا مشتاق منہاس کی جانب سے ممکنہ اپ سیٹ پر بھی نظر رکھے ہوئے ہیں۔

ایل اے 16 باغ 3 میں 14 پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ:

حلقہ ایل اے 16 باغ 3 کے 14 پولنگ اسٹیشنز پر بھی دوبارہ پولنگ کا آغاز ہوگیا ہے۔ اس حلقے میں 7 ہزار 238 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے اہل ہیں۔

دوبارہ پولنگ کے لیے متعلقہ پولنگ اسٹیشنز پر انتخابی عملہ اور سیکیورٹی اہلکار تعینات ہیں، جبکہ پولنگ کے عمل کی نگرانی اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے بھی انتظامات مکمل کیے گئے ہیں۔

حلقہ ایل اے 16 شرقی باغ کے ابتدائی نتائج میں مسلم لیگ ن کے امیدوار سردار میر اکبر 18 ہزار 950 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے سردار قمر الزمان خان 15 ہزار 750 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

سیاسی مبصرین کے مطابق سردار میر اکبر کو حاصل برتری کے باعث ان کی پوزیشن نسبتاً مضبوط ہے، تاہم دوبارہ پولنگ کے نتائج حتمی صورتحال پر اثرانداز ہوسکتے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ دونوں حلقوں میں دوبارہ پولنگ کا عمل شفاف طریقے سے مکمل کرانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے گئے ہیں، جبکہ ووٹرز کو بلا رکاوٹ اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔