لطیف اکبر

قائم مقام صدر آزاد کشمیر لطیف اکبر کا دفاعِ وطن کیلئے مسلح افواج کی قربانیوں کو سلام

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)قائم مقام صدر آزادجموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبر نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی حقِ خودارادیت کیلئے جاری جدوجہد اور بے مثال قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے غیور عوام آج بھی بھارتی تسلط کے خلاف حقِ خودارادیت کی جنگ لڑ رہے ہیں اور آزادی کے مقصد کیلئے قید و بند کی سخت ترین صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کا پائیدار اور منصفانہ حل ہی پورے خطے میں مستقل امن و استحکام کی ضمانت ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:قائم مقام صدر آزاد کشمیر لطیف اکبر کا دفاعِ وطن کیلئے مسلح افواج کی قربانیوں کو سلام

قائم مقام صدر نے کشمیری عوام کی مسلسل اور بے لوث حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری قوم پاکستان کے اس قوی موقف اور تعاون کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ پاکستان نے ہر عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر کو موثر اور بھرپور انداز میں اجاگر کیا ہے اور کشمیری عوام کی یہ  قربانیاں ضائع نہیں ہوں گی۔

چوہدری لطیف اکبر نے ملکی دفاع کیلئے پاکستان کی مسلح افواج کی خدمات اور قربانیوں کو سلامِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج نے بھارتی جارحیت اور بربریت کا شاندار اور منہ توڑ جواب دیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بدترین دھاندلی ہوئی،الیکشن کمیشن 45پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کرائے،چوہدری لطیف اکبر

انہوں نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی، کشمیر ایک دن ضرور آزاد ہوگا اور پاکستان کا حصہ بنے گا۔