آزادکشمیر کے نئے قائد ایوان کیلئے لابنگ، شاہ غلام قادر، طارق فاروق کی اہم ملاقاتیں

اسلام آباد:آزادکشمیر کے نئے قائد ایوان کیلئے بھرپور لابنگ کا سلسلہ جاری ہے ،صدر مسلم لیگ(ن) آزادکشمیر شاہ غلام قادر اور مسلم لیگ ( ن) کے جنرل سیکرٹری چوہدری طارق فاروق نے اسلام میں اہم ملاقاتیں کی ہیں۔

شاہ غلام قادر اور چوہدری طارق فاروق قائد ایوان کیلئے بھرپور لابنگ کررہے اور لیگی رہنمائوں سے ملاقاتیں کررہے، نئے قائد ایوان کی نامزدگی قائد(ن) میاں نوازشریف کرینگے، اس کیلئے دونوں رہنمالیگی رہنمائوں سے ملاقاتیں کرکے اپنے پتے شو کررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پانی کی ایک ایک بوند ہماری ریڈلائن ،بھارت راہ راست پر نہ آیا تو اسے براہ راست جواب دیا جائیگا، وزیراعظم

صدر مسلم لیگ(ن) شاہ غلام قادر نے گزشتہ روز نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور سپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق سے ملاقاتیں کی ہیں جبکہ چوہدری طارق فاروق نے وزیرامور کشمیر امیر مقام سے ملاقات کی ہے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر شاہ غلام قادر نے ملاقات کی اور ملاقات میں آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی اور عوامی مسائل کے حل پر گفتگو کی گئی۔ شاہ غلام قادر نے آزاد کشمیر انتخابات میں مسلم لیگ ن کی کامیابی سے اسحاق ڈار کو آگاہ کیا۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ شاہ غلام قادر کی قیادت میں مسلم لیگ ن کی انتخابی کارکردگی قابل تحسین ہے، حالیہ انتخابات میں کامیابی عوام کا مسلم لیگ ن پر اعتماد کا مظہر ہے۔

صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر شاہ غلام قادر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سےبھی ملے،سردار ایاز صادق نے شاہ غلام قادر کو انتخابی کامیابی پر مبارکباددی۔

سردار ایاز صادق نے بطور صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر شاہ غلام قادر کی انتخابی کارکردگی کو سراہا،ملاقات میں آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال اور آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

شاہ غلام قادرکا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر میں عوامی مینڈیٹ کو ترجیح دیتے ہوئے آگے بڑھے گی، آزاد کشمیر میں گڈ گورننس، ترقی اور عوامی خوشحالی مسلم لیگ ن کی ترجیحات میں شامل ہے۔

ادھر وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام سے پاکستان مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے جنرل سیکرٹری اور نو منتخب رکن قانون ساز اسمبلی چوہدری طارق فاروق نے اہم ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران آزاد کشمیر کی مجموعی سیاسی صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کو درپیش مختلف معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر بھر میں جشن یوم آزادی منانے کی تیاریاں،عمارتیں جگمگا اٹھیں

اس موقع پر انجینئر امیر مقام نے آزاد کشمیر میں عوامی مسائل کے حل، جمہوری عمل کے استحکام اور خطے کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے مختلف امور پر گفتگو کی۔

چوہدری طارق فاروق نے آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال اور عوامی مسائل سے متعلق وفاقی وزیر کو آگاہ کیا۔