حویلی الیکشن دھاندلی کیس: الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کر لیا

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) الیکشن کمیشن آزاد کشمیرنے وزیر اعظم فیصل ممتاز راٹھور کے آبائی حلقے حویلی کے انتخابی نتائج کی ری کائونٹنگ کی درخواست پر سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔

الیکشن کمیشن آفس میں ن لیگی امیدوار چودھری محسن عزیز کی جانب سے دائر ری کاؤنٹنگ درخواست پر چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کے روبرو سماعت ہوئی۔

محسن عزیز کے وکلاء کی جانب سے درخواست میں فارم 24 میں مبینہ ٹمپرنگ اور انتخابی نتائج پر اعتراضات اٹھائے گئے ،وکلا نے دوبارہ گنتی سے متعلق اپنے دلائل پیش کئے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پولیس چوکی پر دہشتگردوں کا حملہ، اپر دیر عوام کی قومی یکجہتی کی نئی مثال قائم

آزاد کشمیر الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز حویلی کے انتخابی نتائج سے متعلق ریٹرننگ افسر کی جانب سے 11 اگست کو جاری کئے گئے متنازعہ فارم 26 کو منسوخ کردیا تھا جبکہ فیصل راٹھور اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری فارم 27 کو بھی جعلی قرار دیا گیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چودھری محسن عزیز کی درخواست کو قابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے فیصل راٹھور اورن لیگی امیدوار محسن عزیز کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی میرپور ڈویژن میں ہونے والے انتخابات کے پہلے مرحلے سے ہی پاکستان مسلم لیگ (ن) پر دھاندلی کے الزامات عائد کرتی رہی ہے

مزید یہ بھی پڑھیں:ایل اے 14 غربی باغ : سردار ساجد اقبال عباسی کو مسلم لیگ (ن) کی نئی حکومت میں شمولیت کی دعوت

جبکہ اس ضمن میں الیکشن کمیشن کو تحریری شکایات بھی جمع کرائی گئی ہیں۔تاہم لیگی رہنما بشمول رانا ثنا اللہ، عطا تارڑ اور طارق فضل چوہدر ی آزادکشمیر انتخابات کو مکمل طور پر “فری، فیئر، اور شفاف قرار دیتے رہے ہیں۔

اب حلقہ ایل اے 17 میں مسلم لیگ (ن) کے اپنے امیدوار نے پیپلز پارٹی کے امیدوار اور وزیر اعظم فیصل راٹھور پر انتخابی دھاندلی کے سنگین الزامات لگاتے ہوئے الیکشن کمیشن سے رجوع کرلیا ہے ۔

تاہم مسلم لیگ (ن) کی جانب سے اس معاملے میں تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔یاد رہے کہ تین مرحلوں میں ہونے والے انتخابات میں اب تک ن لیگ نے سب سے زیادہ نسشتیں حاصل کی ہیں جبکہ پیپلز پارٹی دوسرے نمبر پر ہے۔