محکمہ موسمیات نے 13 اگست کی شام اور رات جبکہ 14 اگست کے دوران ملک کے متعدد حصوں میں تیز اور موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہری سیلاب (اربن فلڈنگ) اور لینڈ سلائیڈنگ کا باقاعدہ الرٹ جاری کر دیا ہے۔
اس موسمی پیشگوئی کے پیشِ نظر تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور نشیبی و حساس علاقوں میں پیشگی تدابیر اختیار کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔
متاثرہ شہر اور اربن فلڈنگ کا خطرہ:
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مردان، صوابی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں شدید بارشوں کی وجہ سے اربن فلڈنگ کا قوی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے حساس پہاڑی علاقوں میں تیز بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا بھی شدید خطرہ موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی میں شدید بارش، نالہ لئی بپھر گیا، شہریوں کا انخلاء، پاک فوج طلب
ہواؤں کے سسٹمز اور موسمی تبدیلی:
محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے آنے والی نمدار مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، جبکہ مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ بھی ملک کے شمال مغربی حصوں پر اثر انداز ہو کر موجود ہے۔
ان سسٹمز کے زیرِ اثر آج کشمیر، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، شمال مشرقی اور جنوبی پنجاب میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ کچھ مقامات پر موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔
صوبائی سطح پر بارشوں کی تفصیلی پیشگوئی:
پنجاب کے متعدد اضلاع جن میں راولپنڈی، مری، گلیات، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور، فیصل آباد، جھنگ، جہلم، اٹک، چکوال، بہاولپور اور ساہیوال شامل ہیں، وہاں تیز بارش متوقع ہے۔ خیبرپختونخوا میں دیر، چترال، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور اور مردان کے بالائی حصوں میں شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ سندھ کے اضلاع تھرپارکر، عمرکوٹ اور گھوٹکی جبکہ بلوچستان کے علاقوں موسیٰ خیل، بارکھان، کوہلو، ژوب اور خضدار میں بھی شام یا رات کے اوقات میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ان بارشوں کے باوجود ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں مجموعی موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔




