وزیر داخلہ سید محسن نقوی نے ایران کے دورے کے دوران تہران میں سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری محسن رضائی اور مشہد میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقاتیں کیں۔
محسن رضائی نے ایران اور پاکستان کو اسلامی دنیا کی بڑی طاقتیں قرار دیتے ہوئے مسلم ممالک کے درمیان اتحاد اور یکجہتی کے لیے مشترکہ کردار پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں:امریکہ اور ایران کا 60روزہ جنگ بندی میں توسیع پر اتفاق، ترک میڈیا
ایران کی نیم سرکاری نیوز ایجنسی ’مہرنیوز‘ کے مطابق تہران میں محسن نقوی سے ملاقات کے دوران محسن رضائی نے کہا کہ ایران کے تمام رہنماؤں نے پاکستان کو اسلامی جمہوریہ ایران کا اسٹریٹجک شراکت دار سمجھا ہے۔
انہوں نے دونوں ممالک کے تعلقات کو حقیقی اور دینی بنیادوں پر قائم محبت قرار دیا۔
محسن رضائی نے کہا کہ ایران پاکستان کی حکومت، فوج اور عوام کو اسلامی دنیا کا عظیم اثاثہ سمجھتا ہے۔ انہوں نے علاقائی معاملات میں پاکستان کے وزیراعظم اور آرمی چیف کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں اور کردار کا خیرمقدم بھی کیا۔
ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری نے کہا کہ ایران، پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب، مصر اور انڈونیشیا جیسے بڑے مسلم ممالک کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسلامی اتحاد کے لیے اقدامات کریں اور مسلم دنیا میں یکجہتی کو فروغ دیں۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان پاکستان کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں اور ان کا خیال ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کئی گنا بڑھنی چاہیے۔
محسن رضائی نے مزید کہا کہ ایران اور پاکستان کے عوام کے درمیان محبت اور اپنائیت بیان سے باہر ہے اور دنیا میں اپنی مثال آپ ہے۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے مشہد میں پاکستانی وزیر داخلہ سید محسن نقوی سے ملاقات کی۔ محسن نقوی امام رضا علیہ السلام کے روضے پر حاضری کے لیے مشہد میں موجود تھے۔
ایرانی وزیر خارجہ بدھ کی سہ پہر مشہد کے شہید ہاشمی نژاد ایئرپورٹ پہنچے، جہاں خراسان رضوی کے گورنر غلام حسین مظفری اور شمال مشرقی ایران میں وزارت خارجہ کے نمائندے غلام عباس ارباب خالص نے ان کا استقبال کیا۔ اسی موقع پر محسن نقوی نے ایئرپورٹ پر عباس عراقچی سے ملاقات کی۔
ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ’ارنا‘ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ملاقات کے دوران باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا، تاہم گفتگو کی مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں:ایران امریکا کشیدگی میں کمی کیلئے معاہدہ کے قریب پہنچ چکے،خواجہ آصف
یاد رہے کہ اس سے قبل تہران میں پاکستانی وزیر داخلہ سید محسن نقوی نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے بھی ملاقات کی تھی جس میں مسعود پزشکیان نے دونوں ممالک کی موجود صلاحیتوں سے بہتر استفادہ کرتے ہوئے دوطرفہ تعاون کا دائرہ وسیع کرنے پر زور دیا۔
ایران کی ’تسنیم نیوز‘ کے مطابق انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور عوامی سطح پر گہرے روابط موجود ہیں اور ایران باہمی دل چسپی کے تمام شعبوں میں تعلقات مزید فروغ دینے کے لیے تیار ہے۔




