پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) نے صوبے بھر کے ریسٹورنٹس، ہوٹلز، کافی شاپس اور میرج ہالز میں ٹیکس کی ادائیگی میں مبینہ ہیر پھیر اور ٹیکس چوری کے خلاف بڑا اور سخت اقدام کیا ہے۔ پی آر اے کی جانب سے ان تمام کاروباری مراکزمیں کچی رسیدوں کے اجراء پر مکمل اور فوری پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی معظم اقبال سپرا کی خصوصی ہدایت پر صوبے کے تمام اضلاع کے کمشنرز نے اس فیصلے کے نفاذ کے لیے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیے ہیں۔ پی آر اے حکام کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد صوبے میں ٹیکس وصولی کے نظام میں شفافیت لانا، سیلز کے تمام ریکارڈ کو ڈیجیٹل بنانا اور ٹیکس چوری کی روک تھام کو ہر صورت یقینی بنانا ہے۔
ای آئی ایم ایس سے رسید کا اجراء لازمی اور سخت جرمانے:
پنجاب ریونیو اتھارٹی کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کی رو سے تمام ہوٹلز، ریسٹورنٹس، کافی شاپس اور میرج ہالز کے لیے ای آئی ایم ایس (EIMS) کے تحت ہی رسید جاری کرنا قانونی طور پر لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ای آئی ایم ایس کے تحت رسیدیں فراہم نہ کرنے والے کاروباروں کے خلاف بھاری مالی جرمانوں کا حکم دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کیا انگلیاں چٹخانے سے گٹھیا ہوتا ہے؟ طبی ماہرین اور سائنسی شواہد نے سچ بتا دیا
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والے اداروں کو 4 لاکھ روپے سے لے کر 10 لاکھ روپے تک کا بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ قوانین کی مسلسل اور متواتر خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ کاروباری مرکز کو ایک ماہ کی مدت تک سیل بھی کیا جا سکے گا۔
کچن سلپ پر پابندی اور کیو آر کوڈ کی شرط:
نوٹیفکیشن میں صارفین کو کچن آرڈر سلپس، غیر ادا شدہ بل یا اس نوعیت کی دیگر تمام عارضی رسیدیں دینے پر مکمل طور پر قدغن لگا دی گئی ہے۔ کاروباری مراکز پر لازم ہوگا کہ وہ صارفین کو صرف وہی کمپیوٹرائزڈ رسید فراہم کریں جس پر کاروبار کا نام، مکمل پتہ، رسید نمبر اور پنجاب ریونیو اتھارٹی کا کیو آر (QR) کوڈ واضح طور پر درج ہو۔
پنجاب ریونیو اتھارٹی نے تنبیہ کی ہے کہ کارِ سرکار میں کسی بھی قسم کی مداخلت کرنے، سیلز کے ریکارڈ میں خردبرد کرنے یا اتھارٹی کو ریکارڈ کی فراہمی سے انکار کرنے کی صورت میں سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔




