لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اہم انکشاف کیا ہے کہ ترکیہ کی سرکاری کمپنی ترکش پیٹرولیم جلد ہی پاکستان کے سمندری حدود میں آف شور ڈرلنگ کا آغاز کرنے جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پیش رفت کے نتیجے میں ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی ایک نئی اور بڑی لہر آئے گی جو قومی معیشت کے لیے انتہائی سنگِ میل ثابت ہوگی۔
تقریب سے خطاب میں علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) ہمیشہ سے نعروں کے بجائے عملی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنا کر ملک کو دفاعی لحاظ سے ناقابلِ تسخیر بنایا۔
یہ بھی پڑھیں: پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 3دن کیلئے مزید کمی، نوٹیفکیشن جاری
علاقائی صورتحال اور مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ:
وفاقی وزیر نے علاقائی تناظر اور حالیہ ایران امریکا جنگ کے اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس دوران پاکستان خطے میں امن اور سیکیورٹی کے ضامن کے طور پر سامنے آیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مکہ میں ہونے والے تاریخی مشترکہ دفاعی معاہدے پر پوری قوم کو فخر ہے۔ اس دفاعی و معاشی اتحاد میں سعودی عرب کی معاشی طاقت، ترکیہ کی صنعتی و تکنیکی ترقی اور پاکستان کی بے مثال دفاعی صلاحیتیں اور مہارتیں اہم کردار ادا کریں گی۔
معاشی چیلنجز اور تیل کی قیمتوں پر قابو:
علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ ایران امریکا کشیدگی اور جنگی صورتحال کے باعث معاشی سطح پر کئی چیلنجز کا سامنا رہا، تاہم وزیراعظم شہباز شریف نے انتہائی مشکل اور دلیرانہ فیصلے لیتے ہوئے ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی شاہراہ پر گامزن کیا اور اب اگلی منزل معاشی میدان میں اہم کامیابیوں کا حصول ہے۔
مزید پڑھیں: ڈیڈ لائن ختم: ملک گیر ہڑتال،پیٹرولیم ڈیلرز کا اہم اجلاس طلب
محدود قومی وسائل اور تیل کی قیمتوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ حکومت نے عوامی ریلیف کو ترجیح دی اور تیل کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کی بھرپور کوشش کی۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ عالمی حالات کی وجہ سے پیٹرول آج بھی مہنگا ہے لیکن حکومت نے ملک میں پیٹرول کی کسی قسم کی قلت پیدا نہیں ہونے دی۔ انہوں نے ہمسایہ ممالک کی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ وہاں حالات اس قدر سخت ہیں کہ شہریوں کو شناختی کارڈ دکھا کر صرف دو لیٹر پیٹرول دیا جا رہا ہے، جبکہ پاکستان نے اپنے عوام کو اس قسم کی معاشی اور سپلائی کی مشکلات سے محفوظ رکھا۔




