کوسوو کی پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران ایک غیر معمولی اور ہنگامہ خیز واقعہ پیش آیا ہے جہاں اپوزیشن کی ایک خاتون رکن اسمبلی نے ملک کے قائم مقام وزیراعظم البین کُرتی پر انڈے پھینک دیے ہیں۔ اس واقعے کے بعد پارلیمنٹ کے اندر شدید بدنظمی دیکھنے میں آئی اور ماحول انتہائی کشیدہ ہو گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ پارلیمنٹ کے باضابطہ اجلاس کے دوران اس وقت پیش آیا جب الائنس پارٹی سے تعلق رکھنے والی اپوزیشن رکنِ پارلیمنٹ ٹائم کادریجاج (Time Kadrijaj) نے قائم مقام وزیراعظم البین کُرتی (Albin Kurti) پر یکے بعد دیگرے انڈے پھینکے۔ الائنس پارٹی سے تعلق رکھنے والی اس خاتون رکنِ پارلیمنٹ نے البین کُرتی کی جانب مسلسل 4 انڈے پھینکے اور ایوان میں شدید احتجاج کرتے ہوئے شیم شیم کے نعرے بھی لگائے۔
یہ بھی پڑھیں: تہران: نیم سرکاری میڈیا کی جانب سے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کی غیر مؤرخہ ویڈیو جاری
اسپیکر کے انتخاب پر تنازع اور حلف نامہ:
میڈیا رپورٹس میں اس واقعے کا پس منظر بیان کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ قائم مقام وزیراعظم البین کُرتی نے پارلیمنٹ کا اسپیکر منتخب کرنے کے لیے ایوان سے مزید وقت کی درخواست کی تھی۔ یاد رہے کہ جون میں ہونے والے عمومی انتخابات کے بعد سے لے کر اب تک کوسوو میں تاحال اسپیکر کا انتخاب عمل میں نہیں لایا جا سکا ہے، جس کے باعث سیاسی بحران برقرار ہے۔
آئینی ڈیڈ لائن اور اپوزیشن کا موقف:
دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں نے قائم مقام وزیراعظم کی مزید وقت مانگنے کی اس درخواست کو سختی سے مسترد کر دیا۔ اپوزیشن جماعتوں کا موقف تھا کہ آئینی عدالت کی جانب سے اسپیکر کے انتخاب کے لیے دی گئی حتمی ڈیڈ لائن پہلے ہی ختم ہوچکی ہے، اسی وجہ سے پارلیمنٹ کا یہ موجودہ سیشن مکمل طور پر غیرآئینی ہے اور اسے آگے نہیں بڑھایا جا سکتا۔




