سکیورٹی فورسز

رد الفتنہ 3 ، خضدار میں سکیورٹی فورسز کی بڑی کا رروائی ، 8دہشت گرد جہنم واصل کر دئیے

آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت جاری کارروائی کے دوران بلوچستان کے ضلع خضدار کےعلاقے گریشہ میں سکیورٹی فورسز نے کامیاب اور موثر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم بی ایل اے کے 8 مبینہ کارندوں کو ہلاک کر دیا۔

ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز کو گریشہ کے علاقے میں عسکریت پسندوں کی موجودگی اور ممکنہ کارروائی سے متعلق اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔ انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کی گئی، جس کے دوران سکیورٹی فورسز اور مبینہ دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے نتیجے میں بی ایل اے کے 8 مبینہ کارندے ہلاک ہوئے جبکہ علاقے میں مزید ممکنہ خطرات کے پیش نظر سرچ اور کلیئرنس آپریشن بھی کیا گیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آپریشن ردالفتنہ 3:قلات ، مستونگ میں سکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، 25 دہشتگرد ہلاک

ذرائع کے مطابق عسکریت پسند مبینہ طور پر حملے کی ویڈیوز ریکارڈ اور سوشل میڈیا پر جاری کرنے کے بعد اپنی کارروائی کو کامیاب ظاہر کرنے کیلئےمزید ویڈیوز بنانے کی کوشش کر رہے تھے۔

تاہم سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے نتیجے میں ان کی یہ کوشش ناکام بنا دی گئی۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت انٹیلیجنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں، جن کا مقصد عسکریت پسند گروہوں کے نیٹ ورکس اور ان کی کارروائیوں کو روکنا اور علاقے میں امن و امان کو یقینی بنانا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بھارت سمیت مختلف ممالک پر100 فیصد ٹیرف ،امریکی سینیٹ میں بل منظور

حکام کی جانب سے  آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت اور دیگر تفصیلات سے متعلق مزید معلومات سامنے آنے کا انتظار ہے۔