مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) ترجمان الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر راجہ محمد شکیل خان نے فارم 24 کی عدم فراہمی سے متعلق دعوؤں کو بے بنیاد اور حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ ایجنٹس کو قانون کے مطابق فارم 24 فراہم کیے گئے۔
اپنے بیان میں ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ فارم 24 سے متعلق اب تک کسی بھی حلقے یا پولنگ اسٹیشن سے کوئی باضابطہ شکایت موصول نہیں ہوئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ فارم 24 کی عدم فراہمی کے حوالے سے سامنے آنے والے دعوے حقائق پر مبنی نہیں ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پونچھ، سدھنوتی میں 10 اگست کو پولنگ نہیں ہوگی، الیکشن کمیشن
راجہ محمد شکیل خان نے کہا کہ انتخابی نشانات کسی امیدوار یا فریق کی پسند یا ذاتی صوابدید پر الاٹ نہیں کیے جاتے بلکہ انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ آزاد جموں و کشمیر الیکشنز رولز 2020 کے رول 42 اور فارم 42 کے مطابق کی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ کا مکمل ریکارڈ الیکشن کمیشن کے پاس موجود ہے، جسے قانونی طریقہ کار کے تحت جانچا جا سکتا ہے۔
انہوں نے سیاسی جماعتوں، امیدواروں اور دیگر متعلقہ حلقوں پر زور دیا کہ وہ غیر مصدقہ اطلاعات، بے بنیاد الزامات اور گمراہ کن تاثر پھیلانے سے گریز کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی مفاد کسی بھی فریق کو بے بنیاد دعوے کرنے کا جواز فراہم نہیں کرتا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مندی کا رجحان ، ڈالر کی قیمت گر گئی
ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ الیکشن کمیشن قانون، شفافیت، غیر جانبداری اور میرٹ کے اصولوں کے مطابق اپنے فرائض انجام دے رہا ہے۔ کسی بھی بے بنیاد پروپیگنڈے یا غلط معلومات کے ذریعے انتخابی عمل کی ساکھ اور شفافیت کو متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا۔




