عبداللہ شفیق نے49 سال پرانا ریکارڈ توڑدیا!پاکستان کی ویسٹ انڈیز کے خلاف شاندار فتح

پاکستانی اوپننگ بیٹر عبداللہ شفیق نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 49 سال پرانا ملکی ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ پورٹ آف اسپین میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں عبداللہ شفیق نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 160 رنز کی یادگار اننگز کھیلی۔

اس باری کے ساتھ ہی وہ ویسٹ انڈیز کی سرزمین پر ٹیسٹ کرکٹ میں 150 سے زائد رنز بنانے والے 49 سال بعد پہلے پاکستانی بیٹر بن گئے ہیں۔ اس سے قبل یہ اعزاز 1977 میں قومی ٹیم کے سابق کرکٹر ماجد خان نے حاصل کیا تھا، جنہوں نے گیانا ٹیسٹ میں 167 رنز اسکور کیے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: دوسرا ٹیسٹ : پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی

بیرونِ ملک شاندار ریکارڈ اور پاکستان کی فتح:

عبداللہ شفیق کا بیرونِ ملک ٹیسٹ میچز میں ریکارڈ انتہائی متاثر کن رہا ہے۔ پاکستان کی جانب سے بیرونِ ملک کھیلی گئی 150 رنز سے زائد کی گزشتہ 4 اننگز میں سے 3 اننگز اکیلے عبداللہ شفیق کے بلے سے نکلی ہیں۔

میچ کے نتیجے کی بات کی جائے تو پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میں ہدف حاصل کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ قومی ٹیم کی بیرونِ ملک ٹیسٹ کرکٹ میں یہ ایک بڑی کامیابی ہے، اس سے قبل پاکستان نے آخری بار 2023 میں سری لنکا کو اسی کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز/میچ میں شکست سے دوچار کیا تھا۔