پورٹ آف اسپین : پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جاری دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے اور آخری مقابلے میں پاکستان نے تیسرے روز شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ میں اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے ۔
دن کے اختتام پر ویسٹ انڈیز نے اپنی دوسری اننگ میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 103 رنز بنا لیے ہیں۔ میزبان ٹیم کو پاکستان پر مجموعی طور پر 60 رنز کی برتری حاصل ہے، تاہم اس کی چار وکٹیں ابھی باقی ہیں، جس کے باعث میچ دلچسپ مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔
تیسرے روز مجموعی طور پر 14 وکٹیں گریں اور بولرز پوری طرح چھائے رہے۔ پاکستان کی جانب سے اسپنر ساجد خان نے ایک بار پھر مؤثر بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جس کے بعد اس میچ میں ان کی مجموعی وکٹوں کی تعداد 8 ہو گئی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:یورپ پہنچنے کی کوشش ،مراکشی خاتون فٹبالر اپنی جان گنوا بیٹھیں
علی عثمان نے بھی عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے 2 وکٹیں حاصل کیں اور ویسٹ انڈیز کے بیٹنگ لائن اپ کو دباؤ میں رکھا۔
اس سے قبل پاکستان نے اپنی پہلی اننگ 387 رنز پر ختم کی تھی اور پہلی اننگ کی بنیاد پر 43 رنز کی برتری حاصل کی۔
قومی ٹیم کی جانب سے عبداللہ شفیق نے ناقابلِ شکست 160 رنز کی شاندار اننگ کھیل کر نمایاں رہے جبکہ کپتان بابر اعظم اپنی سنچری مکمل کرنے سے محروم رہے اور 88 رنز پر رن آؤٹ ہو گئے۔ اذان اویس نے بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 55 رنز اسکور کیے۔
مزید یہ بھی پڑھیں: دوسرا ٹیسٹ، قومی ٹیم کو پہلی اننگز میں ویسٹ انڈیز کیخلاف43رنز کی برتری
واضح رہے کہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ویسٹ انڈیز کو 1-0 کی برتری حاصل ہے، اس لیے پاکستان کے لیے سیریز برابر کرنے کی واحد صورت یہی ہے کہ وہ دوسرا ٹیسٹ اپنے نام کرے۔




