میرپور پولیس

میرپور پولیس کی شہداء کی قبروں پر حاضری، سلامی اور اہلِ خانہ سے ملاقاتیں

میرپور(کشمیر ڈیجیٹل) یومِ شہداء پولیس کے موقع پر میرپور پولیس نے اپنے شہداء کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا۔

اس سلسلے میں پولیس افسران نے شہداء کی قبروں پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی، پھول چڑھائے اور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کرکے وطن، قوم اور امن و امان کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ریجن میرپور کامران علی، سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) میرپور خرم اقبال سمیت دیگر پولیس افسران نے شہداء کی قبروں پر حاضری دی اور ان کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعا کی۔

افسران نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پولیس شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور ان کے مشن کو اسی جذبے اور ذمہ داری کے ساتھ آگے بڑھایا جائے گا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پرتشدد واقعات: کالعدم ایکشن کمیٹی کی فائرنگ سے اہلکار اور راہگیر زخمی ہوئے،میرپور پولیس

بعد ازاں ڈی آئی جی کامران علی، ایس ایس پی خرم اقبال اور دیگر افسران نے پولیس شہداء کے گھروں کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہداء کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی، ان کی خیریت دریافت کی اور ان کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر افسران نے کہا کہ پولیس شہداء پوری قوم کا سرمایہ ہیں اور ان کی لازوال قربانیوں کی بدولت معاشرے میں امن، قانون کی بالادستی اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ممکن ہوا ہے۔

پولیس حکام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہداء کے اہلِ خانہ کی فلاح و بہبود اور ہر ممکن معاونت کو یقینی بنایا جائے گا۔ تقریب کے اختتام پر شہداء کی بلندیٔ درجات، ملک و قوم کی سلامتی اور پائیدار امن کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:میرپور پولیس کا شہر بھر میں فلیگ مارچ،مارکیٹیں کھلی رہیں

یومِ شہداء پولیس کے موقع پر شرکاء نے اس عہد کی تجدید کی کہ شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ عزت و احترام کے ساتھ یاد رکھا جائے گا، کیونکہ یہی قربانیاں قوم کے محفوظ اور روشن مستقبل کی بنیاد ہیں۔