مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب بدلنے کی بھارتی کوششیں ناکام ہوں گی، فیصل ممتاز راٹھور

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے یوم استحصال کی مناسبت سے اپنے ایک خصوصي پیغام میں کہا ہے کہ ایل او سی کے دونوں طرف بسنے والے کشمیری، پاکستان اور بیرون ملک مقیم دیگر شہری بھارت کے 5 اگست 2019 کے ناپاک اور غیر قانونی قدم کے خلاف مکمل طور پر یوم سیاہ منا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی نیشنلسٹ مودی حکومت نے ہندوتوا ایجنڈے کو فروغ دینے کے لیے آئین میں مقبوضہ جموں و کشمیر کو حاصل شدہ خصوصی حیثیت کو زبردستی ختم کر دیا۔ بھارتی حکمرانوں کی جانب سے ایک منصوبے کے تحت مسلمانوں، عیسائیوں، سکھوں اور دلتوں کیلیے زمین تنگ کی جا رہی ہے تاکہ ملک کو خالصتاً ہندو ریاست بنایا جا سکے۔ 5 اگست کے اس ایجنڈے کا مقصد غیر کشمیریوں کو شہریت دے کر خطے میں مسلمان اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا ہے۔

مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں:

وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے نشاندہی کی کہ وادی میں اس وقت 9 لاکھ سے زائد قابض بھارتی فوجی اہلکار تعینات ہیں، جو کشمیریوں سے بنیادی جینے کا حق، اسمبلی کا حق، تحریر و تقریر کا حق اور جائیداد سمیت دیگر انسانی حقوق چھین رہے ہیں۔ تمام حریت رہنما، صحافی اور انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے افراد جھوٹے مقدمات میں بند ہیں۔ جبکہ نوجوانوں کو فرضی مقابلوں میں شہید اور سالہا سال سے بغیر مقدمہ چلائے جیلوں میں قید رکھا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام مسئلہ کشمیر کے حل سے جڑا ہے،صدر ، وزیراعظم کے یوم استحصال کشمیر پر پیغامات

انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر میں ڈیموگرافی یعنی آبادی کی ہئیت بدلنے اور کشمیری تہذیب کو نقصان پہنچانے کے اقدامات اقوام متحدہ کے چارٹر، عالمی معاہدوں اور انسانی کنونشنز کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی رو سے جموں و کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے جس کے ایک بڑے حصے پر بھارت نے زبردستی اور کشمیریوں کی مرضی کے خلاف قبضہ جمایا ہوا ہے۔

عالمی قوانین اور بین الاقوامی برادری کا کردار:

انہوں نے کہا کہ ہندوستان وادی میں جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جنگی جرائم، نسل کشی اور انسانیت سوز مظالم میں ملوث ہے، تاہم بھارت کے جابرانہ اور غاصبانہ اقدامات سے کشمیر کی قانونی حیثیت کو بدلا نہیں جا سکتا۔ یہ تنازع پچھلی سات دہائیوں سے زیادہ عرصے سے اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود حل طلب مسئلہ ہے۔

آزاد کشمیر کے وزیراعظم نے زور دیا کہ عالمی برادری اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت کشمیر میں شفاف، آزادانہ اور منصفانہ استصواب رائے کروانے کے لیے ہندوستان پر دباؤ ڈالے۔

کشمیری عوام کی جدوجہد کو سلام:

فیصل ممتاز راٹھور نے کشمیری عوام کی طرف سے ان تمام ممالک، بین الاقوامی تنظیمیوں، صحافتی اور انسانی حقوق کے اداروں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے بھارتی سازشوں اور انسانی حقوق کی پامالیوں پر آواز اٹھائی۔ انہوں نے مقبوضہ وادی کے غیر متزلزل عزم، جرات اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسز اور حکومت یہ جان لیں کہ کشمیری حق خودارادیت کی جدوجہد جاری رکھیں گے اور ہندوستانی قبضے کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے۔

مزید پڑھیں: یوم استحصال کشمیر ، پاک افواج کا کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار، حق خودارادیت حمایت کا بھی اعادہ