نیوزی لینڈ سے شکست،پاکستان کرکٹ ٹیم نے تاریخ کا بدترین ریکارڈ قائم کر دیا

کرائسٹ چرچ (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹونٹی میں شکست کے ساتھ اپنی ٹی ٹونٹی تاریخ کا بدترین ریکارڈ قائم کر دیا۔

اتوار کو کرائسٹ چرچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 9 وکٹوں سے شکست دی۔

یوزی لینڈ کے کپتان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی لیکن پاکستان کی ٹیم نیوزی لینڈ کےخلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 91 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔

نیوزی لینڈ نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 92 رنز کا ہدف باآسانی ایک وکٹ کے نقصان پر 10.1 اوور میں پورا کر لیا اور 5 میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔

پاکستان نے اس بری شکست کے ساتھ اپنی ٹی ٹوئنٹی تاریخ کا بدترین ریکارڈ بھی بنا دیا۔

کیویز نے گرین شرٹس کا ہدف مقررہ 20 اوورز سے 59 گیندوں پہلے ہی حاصل کیا، یہ گیندوں کے اعتبار سےٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی تاریخ میں پاکستان کی بدترین شکست ہے۔

اس سے قبل 2018 میں آسٹریلیا نے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کے خلاف ہدف 55 گیندوں قبل حاصل کیا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان کی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بدترین شکست بھی نیوزی لینڈ کے خلاف ہی ہوئی تھی، جب 2016 میں ویلنگٹن میں 196 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 101 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی اور 95 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 میچز کی سیریز کا دوسرا ٹی ٹونٹی منگل کو کھیلا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: نیوزی لینڈ کو 4وکٹوں سے شکست ، بھارت نے چیمپئنز ٹرافی جیت لی

Scroll to Top